پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اکمل نذیر کی غزلیں — Akmal Nazeer Ghazals

اکمل نذیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں حصار شب سے نکل سکوں کوئی ایسی راہ دکھا مجھے (غزل)

میں حصار شب سے نکل سکوں کوئی ایسی راہ دکھا مجھے

یا تو حوصلوں کو کرن بنا یا بنا کے جگنو جلا مجھے

میں وہ اپنے عزم کا بیج ہوں جو ہر اک زمیں کو عطا نہیں

کسی ٹوٹے دل کی زمین پر تو بنا کے فصل اگا مجھے

میں ندامتوں کا وہ اشک ہوں جو ہے کب سے سوکھا پڑا ہوا

کسی چشم عاصی و خاطی سے تو بنا کے موتی بہا مجھے

گو شکستہ ہیں مرے بال و پر پہ ہوں حوصلوں کی امان میں

مرے حوصلوں کو بنا کے پر ذرا آسماں میں اڑا مجھے

میں شکستہ دل میں شکستہ پا مجھے راستوں کا ہو کیا پتہ

مرے عزم کو ہی تو پاؤں کر انہیں راستوں پہ چلا مجھے

میں ہوں ایک جاہل محض اور تو علیم اور خبیر ہے

میں بھکاری ہوں ترے علم کا وہی علم کر تو عطا مجھے

میں ہوں ذلتوں میں گھرا ہوا میں نظر سے اپنی گرا ہوا

کوئی اک اچٹتی نگاہ سے تو نظر نظر میں اٹھا مجھے

مری جستجو بھی عجیب ہے مری بندگی بھی عجیب ہے (غزل)

مری جستجو بھی عجیب ہے مری بندگی بھی عجیب ہے

جو قریب تھا وہ بعید ہے جو بعید تھا وہ قریب ہے

نہ امارت غم زندگی نہ شکوۂ فقر کی سادگی

تو امیر شہر ضرور ہے ترا مفلسی ہی نصیب ہے

تری ملکیت میں ہیں سیم و زر پہ تو الفتوں سے ہے بے خبر

تو ہی سب سے ظالم و کم نظر تو ہی دل کا سب سے غریب ہے

نہ ہو شوق جس کی نماز میں نہ اثر ہو جس کے کلام میں

وہ امام کوئی امام ہے وہ خطیب کوئی خطیب ہے

ہے عجیب دل کا معاملہ کبھی مجھ سے خوش تو کبھی خفا

مری جلوتوں کا رفیق ہی مری خلوتوں کا رقیب ہے

یہ جو نفرتوں کا حصار ہے ترے ارد گرد بنا ہوا

یہی مقتل غم زیست ہے یہی الفتوں کی صلیب ہے

کبھی بن کے تیرا جو آئنہ کرے تجھ کو تجھ سے ہی آشنا

وہی ہم نوا ہے ترا یہاں وہی درد دل کا طبیب ہے

ابھی نفرتوں کی نہ بات کر کہیں جا کے اس کو تلاش کر

وہی ایک اکملؔ در بدر جو محبتوں کا نقیب ہے

مزید غزلیں از اکمل نذیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں