پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عاصم شہنواز شبلی کی غزلیں — Aasim Shahnawaz Shibli Ghazals

عاصم شہنواز شبلی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہاری یاد کا سایا نہ ہوگا (غزل)

تمہاری یاد کا سایا نہ ہوگا

کوئی بہتا ہوا دریا نہ ہوگا

یہ منظر بھی نظر آئے گا اک دن

بدن ہوگا کوئی چہرا نہ ہوگا

زمانے ہوں گے میری دسترس میں

تمہارے قرب کا لمحہ نہ ہوگا

سمندر کی طرح وہ شانت لیکن

لہو اس آنکھ سے ٹپکا نہ ہوگا

فقط سناٹے میں چیخا کریں گے

مکاں ہوں گے کوئی بستا نہ ہوگا

جو بات اچھی نہیں لگتی اصولاً (غزل)

جو بات اچھی نہیں لگتی اصولاً

اسے ہم چھوڑ دیتے ہیں یقیناً

نکالو دودھ کی نہریں یقیناً

مگر ملتی ہے شیریں اتفاقاً

زباں لکنت زدہ بد نیتوں کی

ہم اپنی بات کہہ دیتے ہیں فوراً

دلوں کے بیچ اک دیوار سی ہے

ملیں بھی ہم تو اب ملتے ہیں رسماً

بدن اس کا ہے خوشبو چاند نغمہ

تبھی تو ہم جھکے ہیں احتراماً

یہ مت سمجھو ہے رسی دور مجھ سے

کبھی ہم ڈھیل دے دیتے ہیں قصداً

یہی اب شعر کا معیار ٹھہرا

رویہ کھردرا تھا احتجاجاً

رقیبوں سے تمہیں ملنا ہے عاصمؔ

نیام و تیغ رکھ لو احتیاطاً

مزید غزلیں از عاصم شہنواز شبلی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں