اختر شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پہاڑ سے کوئی راہ اترے تو میں بھی دیکھوں (غزل)
پہاڑ سے کوئی راہ اترے تو میں بھی دیکھوں
بلندیوں سے نگاہ اترے تو میں بھی دیکھوں
گناہ کردہ بدن ہے اس کا تو تم بھی دیکھو
صلیب سے بے گناہ اترے تو میں بھی دیکھوں
سہے ہیں بستی نے موسموں کے عذاب کیا کیا
چھتوں سے آب و گیاہ اترے تو میں بھی دیکھوں
یہاں کسے راس آئی ہے رسم خود نمائی
سروں سے ذوق کلاہ اترے تو میں بھی دیکھوں
کہاں کہاں جسم دھوپ سے ہو گئے ہیں جل تھل
نگر میں شام سیاہ اترے تو میں بھی دیکھوں
بے حسی کی دھول میں بے حس اٹے رہ جائیں گے (غزل)
بے حسی کی دھول میں بے حس اٹے رہ جائیں گے
لوگ اپنے اپنے فرقوں میں بٹے رہ جائیں گے
ڈھانپ لے گی جبر کی دھرتی پرندوں کے بدن
اور بال و پر فضاؤں میں کٹے رہ جائیں گے
لوگ اتر آئیں گے غربت سے محاذ آرائی پر
شہر میں ہر سمت ظالم مرہٹے رہ جائیں گے
جنگلوں کی سمت بہہ جائے گا جسموں کا ہجوم
شہر کی ویرانیوں میں سر کٹے رہ جائیں گے
خواہشیں اڑ جائیں گی تازہ ہوا کے ساتھ ساتھ
بستروں پر سلوٹوں کے جمگھٹے رہ جائیں گے
آندھیاں ملبہ بنا کے چھوڑ جائیں گی انہیں
حوصلے اپنے مکانوں کے ڈٹے رہ جائیں گے
گفتگو ذہنوں میں کچھ تحلیل سی ہو جائے گی
خود بخود مفہوم ہونٹوں پر رٹے رہ جائیں گے
منزلیں اخترؔ پلٹ کر دیکھتی رہ جائیں گی
ہم طلب کی راہ میں پیچھے ہٹے رہ جائیں گے