آسی رام نگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کی بات کیا کہئے دل عجیب بستی ہے (غزل)
دل کی بات کیا کہئے دل عجیب بستی ہے
روز یہ اجڑتی ہے اور روز بستی ہے
پہلے اپنی حالت پہ ہنس لے خود ہی جی بھر کے
دیکھ کر مجھے دنیا طنز سے جو ہنستی ہے
آج کا زمانہ بھی واہ کیا زمانہ ہے
زندگی بہت مہنگی موت کتنی سستی ہے
اس سے دور کیا ہوگی تیرگی زمانے کی
شمع روشنی کو خود آج جب ترستی ہے
عجیب شہر کا نقشا دکھائی دیتا ہے (غزل)
عجیب شہر کا نقشا دکھائی دیتا ہے
جدھر بھی دیکھو اندھیرا دکھائی دیتا ہے
نظر نظر کی ہے اور اپنے اپنے ظرف کی بات
مجھے تو قطرے میں دریا دکھائی دیتا ہے
برا کہے جسے دنیا برا نہیں ہوتا
مری نظر میں وہ اچھا دکھائی دیتا ہے
نہیں فریب نظر یہ یہی حقیقت ہے
مجھے تو شہر بھی صحرا دکھائی دیتا ہے
ہیں صرف کہنے کو بجلی کے قمقمے روشن
ہر ایک سمت اندھیرا دکھائی دیتا ہے
عجیب حال ہے سیلاب بن گئے صحرا
جسے بھی دیکھیے پیاسا دکھائی دیتا ہے
مزید غزلیں از آسی رام نگری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں