اختر شاہجہانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
راہ وفا میں کوئی ہمیں جانتا نہ تھا (غزل)
راہ وفا میں کوئی ہمیں جانتا نہ تھا
جب تک دیا ہمارے لہو کا جلا نہ تھا
یہ معجزہ ہمارے ہی طرز بیاں کا تھا
اس نے وہ سن لیا تھا جو ہم نے کہا نہ تھا
جب آشیانے جل گئے تب ہم نوا ہوئے
گلشن میں اس سے پہلے کوئی بولتا نہ تھا
تو خود ہی قطرہ قطرہ پگھلتا تھا روز و شب
شامل ترے زوال میں دست دعا نہ تھا
شدت کی دھوپ میں بھی نہ پگھلا مرا وجود
مجھ پر تمہاری زلفوں کا جب شامیانہ تھا
جگنو تھا کہکشاں تھا ستارہ تھا یا گہر
آنسو کسی کی آنکھ سے جب تک گرا نہ تھا
اخترؔ گناہ کرنے سے پھر روکتا تھا کون
میں کیسے مان لوں کہ وہاں پر خدا نہ تھا
وقت بے رحم ہے مقتل کی زمینوں جیسا (غزل)
وقت بے رحم ہے مقتل کی زمینوں جیسا
اور ہمدرد ہے مخلص کی دعاؤں جیسا
کوئی منظر نہیں برسات کے موسم میں بھی
اس کی زلفوں سے پھسلتی ہوئی دھوپوں جیسا
آبلوں کی طرح رہنے نہ دیا اشکوں کو
میری پلکوں نے کیا کام ببولوں جیسا
سنگ دل ہے نہ فریبی نہ جفاکار ہے وہ
میرا محبوب ہے معصوم فرشتوں جیسا
میں تو انسان ہوں تم جیسا ہوں ٹھہرو لوگو
مجھ پہ الزام لگاؤ نہ رسولوں جیسا
ذہن سے محو ہوئے گزرا زمانہ اخترؔ
ایک چہرہ ہے مگر اب بھی گلابوں جیسا