آنند سروپ انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آزمائش میں کٹی کچھ امتحانوں میں رہی (غزل)
آزمائش میں کٹی کچھ امتحانوں میں رہی
زندگی کن راستوں میں کن ٹھکانوں میں رہی
وہ تو اک ہلکی سی دستک دے کے رخصت ہو گیا
اک صدا رس گھولتی دن رات کانوں میں رہی
لکھ گئی اپنے گھروں میں ایک کرب ناتمام
زندگی گویا ہمارے مہربانوں میں رہی
مٹ گئیں آنگن میں ساری کھیلتی پرچھائیاں
ایک بے کیفی مسلسل آشیانوں میں رہی
وہ زمیں کی سرحدوں میں ہی رہا انجمؔ مقیم
کیوں تلاش انسان کو پھر آسمانوں میں رہی
میں ڈر رہا ہوں ہر اک امتحان سے پہلے (غزل)
میں ڈر رہا ہوں ہر اک امتحان سے پہلے
مرے پروں کو ہوا کیا اڑان سے پہلے
مرے نصیب میں رستوں کی دھول لکھی تھی
نہ مل سکی مجھے منزل تکان سے پہلے
یہ کون شخص تھا چالاک کس قدر نکلا
کہ بات چھیڑ گیا درمیان سے پہلے
میں اس کے درد کا درماں تو جانتا تھا مگر
وہ کچھ تو بولتا اپنی زبان سے پہلے
تم اس کے گھر کی طرف چل پڑے تو ہو لیکن
کوئی پڑاؤ نہیں آسمان سے پہلے
کھڑا ہوں آج میں انجمؔ یقیں کی سرحد پر
عجیب کرب میں گم تھا گمان سے پہلے