پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یہ حکایت ہے کوئی، اور نہ کوئی افسانہ سنگ پاروں پہ …

یہ حکایت ہے کوئی، اور نہ کوئی افسانہ
سنگ پاروں پہ تِراﷺ ابرِ دعا برسانا۔۔۔!!!

تجھﷺ کو تقدیر بدلنے کی بھی آسانی تھی
وُہی کچھ ہو کے رہا، تُوﷺ نے جو دل میں ٹھانا

تُوﷺ نے تو اُس قوم کو بھی حکمت و حشمت بخشی
جس کا دل سود تھا اور ذہن فقط ویرانہ۔۔۔!!!

تیریﷺ تعلیم نے اس کو بھی سکھا دی تہذیب
با ادب ہے تِریﷺ محفل میں تِراﷺ دیوانہ۔۔۔!!!

معجزہ اس سے بڑا اور بھلا کیا ہو گا
ظلمتِ کُفر میں، تامانئِ قرآں لانا۔۔۔!!!

نوعِ انسان کی تاریخ کا روشن آغاز
ارضِ مکہ سے تِراﷺ سُوئے مدینہ جانا۔۔۔!!!

نگہت و رنگ مجھے تیرےﷺ ہی صحرا سے ملے
جن کی خاطر چمنستانِ جہاں کو چھانا۔۔۔!!!

تیرےﷺ معیارِ سخاوت کی نہیں کوئی نظیر
بوند اِک مانگنا اور سات سمندر پانا۔۔۔!!!

تیریﷺ اُمت کو ملی عظمتِ دائم کی نوید
یوں تو قوموں کا لگا رہتا ہے آنا جانا۔۔۔!!!

تیریﷺ شانِ بشریت پہ ہے قربان ندیم
اُس نے تیرےﷺ ہی تَوَسُط سے خدا پہچانا۔۔۔!!!

صَلَّی اللّٰہُ عَلٰٰی حَبِیْبِہٖ ُمحَمَّدٍ وَّٓاٰ لِہٖ وََسَلَّم ْ

(احمد ندیم قاسمی)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی