پھولوں سے بدن ان کے کانٹے ہیں زبانوں میں
ساغرؔ اعظمی
پھولوں سے بدن ان کے کانٹے ہیں زبانوں میں
شیشے کے ہیں دروازے پتھر کی دکانوں میں
کشمیر کی وادی میں بے پردہ جو نکلے ہو
کیا آگ لگاؤ گے برفیلی چٹانوں میں
بس ایک ہی ٹھوکر سے گر جائیں گی دیواریں
آہستہ ذرا چلیے شیشے کے مکانوں میں
اللہ رے مجبوری بکنے کے لیے اب بھی
سامان تبسم ہے اشکوں کی دکانوں میں
آنے کو ہے پھر شاید طوفان نیا کوئی
سہمے ہوئے بیٹھے ہیں لوگ اپنے مکانوں میں
شہرت کی فضاؤں میں اتنا نہ اڑو ساغرؔ
پرواز نہ کھو جائے ان اونچی اڑانوں میں
….
مزید پڑھیں: ساغرؔ اعظمی کی غزلیں — Saghar Azmi Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔