پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

برباد گلستاں کرنے کو بس ایک ہی الو کافی تھا ہر شاخ…

برباد گلستاں کرنے کو بس ایک ہی الو کافی تھا
ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہے انجام گلستاں کیا ہو گا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شوقؔ بہرائچی کا یومِ وفات
January 13, 1964

شوق بہرائچی جنکا پورا نام سید ریاست حسین رضوی تھا کی پیدائش اجودھیاضلع فیض آباد کے محلہ سیدواڑا میں ایک زمیندار طبقہ سے تعلق رکھنے والے سید سلامت علی رضوی کے گھر میں 06 جون 1884ء کو ہوئی تھی۔شوق صاحب تلاش معاش میں بہرائچ آئے اور پھر یہیں کے ہوکے رہ گئے۔
شوق کے کمزور جسم پر ایک شیروانی ٹنگی رہتی تھی جو جسم کی ساخت کے آگے سے لٹکی ہوئی اور پیچھے سے اچکی ہوئی رہتی تھی۔پیٹ کے پاس کے دو تین بٹن بند رہتے تھے باقی کھلے رہتے تھے۔ہوسکتا ہے ایک آدھ بٹن ٹوٹا بھی رہتا رہاہو۔داہنے ہاتھ میں پرانی سی چھڑی ،سر پر تیل خوردہ کشتی دار ٹوپی اور بازار سے گھر آتے وقت بائیں ہاتھ میں ایک پڑیا جس میں کوئی نہ کوئی مٹھائی رہتی تھی ۔
عمر کے آخری ایام میں بوڑھے شوق کے لاغر جسم کو دمہ کے پرانے مرض نے بد حال کر رکھ دیا تھا ۔بیماری اور بے روزگاری نے زندگی کو بہت دشوار بنا دیا تھا ۔شوق کو حکومت کی طرف سے ایک مختصر سی رقم بطور وظیفہ ملتی تھی لیکن یہ سلسلہ صرف ایک سال کے لئے تھا۔اس وقت کے وزیر انصاف سید علی ظہیر صاحب کسی سلسلہ میں بہرائچ آئے تھے اور شوق کی عیادت کے لئے بھی شوق کے گھر گئے تھے۔شوق کی کسمپرسی اور علالت سے وزیر صاحب بہت متاثر ہوئے اور سرکاری مدد اور پنشن دلانے کا وعدہ کر لیا لیکن لیڈران کے وعدے کبھی پورے نہیں ہوتے ۔چنانچہ بستر مرگ پر پڑے ہوئے آدمی سے کیا گیا وعدہ بھی اور وعدوں کی طرح وفا نہیں ہو سکا اور شوقؔ بہرائچی مدد کے انتظار میں راہی ملک عدم ہو گئے ،اسی سلسلہ میں شوقؔ نے ایک قطعہ لکھا تھا
” سانس پھولے گی ،کھانسی سواآئے گی لب پہ جان حزیں بار ہا آئے گی
دار فانی سے جب شوقؔ اٹھ جائے گا تب مسیحا کے گھر سے دوا آئے گی
“
شوقؔ بہرائچی کی وفات 13 جنوری1964ء بہرائچ میں ہوئی اور آزاد انٹر کالج کے پچھم واقع قبر ستان چھڑے شاہ تکیہ میں تدفین ہوئی۔
بشکریہ: وکی پیڈیا