پھر بہار آئی وہی دشت نور دی ہوگی
پھر وہی پاؤں وہی خار مغیلاں ہوں گے
مومن
میری دوست! میں اس وقت اپنے گھر کے صحن میں بیٹھی ہوں ۔ دریک کے پھولوں کی خوشبو سارے گھر کو معطر کر رہی ہے ۔
مجھے پنجاب یونی ور سٹی میں ہمارا پہلا موسم بہار یاد آ رہا ہے ۔جب میں عجیب بے چینی اور بے کلی محسوس کر رہی تھی ۔یونی ور سٹی کی کھلی فضا اور آزادی جو مجھ جیسی ایک عام سے قصبے سے آئی لڑکی کے لئے یو ٹو پیا تھی۔
میں جو ہمیشہ سے لڑکوں کی طرح جینا چاہتی تھی ۔ لڑکوں کے ساتھ بچپن میں گلی ڈنڈا ۔سگریٹ کی ڈبیوں کا کھیل ۔ بنٹے /کنچے ، ڈنڈے سے خالی ٹائروں کو دوڑانے میں لڑکوں سے مقابلہ کرتی تھی ،لیکن شام سمے گھر میں قید کر دی جاتی ۔تب میں سوچتی یہ جو بھائی ہے رات کو دیر تک باہر رہتا ہے ،رات کے سناٹے سے لطف اٹھاتا ہے، میں اس لطف سے کیوں محروم ہوں ؟؟
میری سکول کی سہیلیاں میری ان لا یعنی باتوں پر میرا مزاق اڑائیں ، مجھے سمجھائیں کہ رات کے تاریک سناٹے میں کوئی لطف نہیں ہوتا بلکہ بلائیں ہوتی ہیں جو بہت ڈراؤنی ہوتی ہیں ۔اور پھر ہمارا پورا دوستوں کا گروپ ڈائنوں ، چڑیلوں ،بھوتوں کے قصے سنانا شروع ہو جاتا ۔ ہر کوئی پورے وثوق سے سچا قصہ سناتا جو اسے اس کی کسی قابل اعتماد ہستی نے سنایا ہوتا ۔
ایسے میں یونیورسٹی میں جا کر پڑھنا اور وہاں اپنی من پسند آزادی سے لطف اندوز ہونے کا خواب دل و دماغ کے پوشیدہ گوشوں میں پلتا رہا ۔
سکول کی آخری آلو داعی پارٹی میں لڑکیوں کا رونا دھونا میری سمجھ سے باہر تھا ۔میں تو خوش تھی کہ کالج جاؤں گی اور پھر اپنی آئیڈیل زندگی /یونیورسٹی بس ایک قدم کی دوری پر رہ جائے گی ۔
کالج کے چار سال اور پھر ایک اور آلو داعی پارٹی جس میں بچھڑنے والوں کا رونا دھونا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک میں اس سارے غمگین ماحول سے بہت دور اپنی منزل کے انتہائی قریب خوشی سے سرشار تھی ۔
یونیورسٹی میں پاکستان ،آزاد کشمیر ،اور بلخصوص پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئےہوؤں سے نئی دوستیاں قائم ہوئیں ،اور یہ پہلا موسم بہار تھا ۔میں بے چین اور بے کل تھی ۔ میرا آئیڈیل ماحول پھر یہ بے چینی کیسی ؟؟؟
جب اپنے قصبے میں تھی تو اس موسم میں میرا پسندیدہ مشغلہ بابا ولی قندھاری کی پہاڑی پر چڑھناہوتا تھا اور وہ میں ہمیشہ سیدھا راستہ چھوڑ کر جو سال ہا سال کے استعمال سے بہت آسان ہو چکا تھا ٹیڑھا اور چٹانی راستہ اپناتی جو میرے اندر کی بے چینیوں کے لئے باعث تسکین ہوتا ۔
دوسرا مشغلہ واہ گارڈن کے باغات جو اس وقت تک اپنا قدرتی حسن قائم رکھے ہوے تھے وہاں جانا اور وہاں کے چشموں جن کا ایک حصہ بلخصوص خواتین کے لئے وقف تھا میں گھس جانا تھا ۔
اپنے قصبے کے شفاف چمکتے پانی کے چشمے میری بے چین روح کو سیراب کرتے تھے ۔
سب سے بڑھ کر دریک کے پھولوں کی مہک سارے قصبے کی فضا میں رچ بس جاتی ،میں اس مہک کی دیوانی تھی ۔
تب ہر گھر میں چھوٹے سے چھوٹے گھر کے صحن میں دو درخت ایک دریک اور ایک بیری ضرور ہوتے تھے ۔دریک کے پھولوں کا گلدستہ بنا کر اس میں ایک یا دو گلاب کے پھول لگا کر گھروں میں سجاوٹ کی جاتی ۔گلاب کے پھول کم یاب تھے تاھم ڈھونڈ دھانڈ کے بیساکھی پر ہم بچے سکھ خواتین کو تحفتن پیش کرتے ۔
دریک کے پھول جب اس کے پھل یا بیج جو بھی کہ لیں میں تبدیل ہوتے جنھیں لوکل زبان میں در کانو کہا جاتا تھا بچوں کے کھل کا سامان مہیا کرتے ۔
در کانووں اور کانے جن سے قلم بنتے تھے سے بچے فرنیچر کی قسم کے کھلونے بناتے درکانو میں کانے کا چھلکا چبھو کر میز کرسی چارپائی وغیرہ بنائی جاتی موٹے سوتی دھاگے سے چارپائی کرسی کی بنائی کرتے ۔
دوست ! میں بھی نا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ۔میں تو تمھں یونی ور سٹی کے پہلے موسم بہار میں اپنی بے چینی یاد دلا رہی تھی ۔
جب مجھے اپنے چمکتے دمکتے پانی کی جگہ نیو کیمپس کے بیچوں بیچ گدلے پانی کی نہر پر اکتفا کرنا پڑا ۔ ایسے میں ہر انواع کے خوشبودار پھول میرے دریک کے پھولوں کی مہک کا نعم آل بدل نہ بن سکے تو میں نے تمہیں بے تحاشا تنگ کیا تھا ۔
تمہیں لے کر پورا کیمپس پیدل گھومی تھی اور آخر کار دریک ڈھونڈ نکالی تھی ۔
کیا بے فکری کے دن تھے ۔کیا معصوم خواہشیں تھیں ،کیا لاابالی پن تھا
اور اب ہمارے بچوں کا سارا ماحول ساری دلچسپیاں سارے کھیل بدل چکے ہیں
میری دوست ! یہ دریک اور بہار کی یہ شام تمہارے نام ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2403842706512915

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔