نظم ( لادین سیاست) ضرب کلیم جو بات حق ہو وہ مجھ س…
نظم ( لادین سیاست)
ضرب کلیم
جو بات حق ہو وہ مجھ سے چھپی نہیں رہتی
خدا نے مجھ کو دیا ہے دل خبیر و بصیر
معنی :
خبیر: خبر رکھنے والا، بصیر : دیکھنے والا ،حق : سچ،
نثر:
جو بات حق اور سچ ہو وہ مجھ سے چھپی نہیں رہتی کیونکہ خدا نے مجھے ایک اور دل دیا ہے جو ہر بات کی خبر رکھنے والا بھی ہے اور ہر بات اور معاملہ کو دیکھنے والا بھی ہے
…..
میری نگاہ میں ہے یہ سیاستِ لادیں
کنیز اہرمن و دوں نہاد و مردہ ضمیر
معنی :
سیاست لادین :بے دین سیاست، کنیز اہرمن : شیطان کی لونڈی ، دوں نہاد: کمہنہ خصلت ، مردہ ضمیر : مرا ہوا دل ،
نثر :
میری نگاہ میں وہ بے دین سیاست جو اہل مغرب نے ہمیں سیکھائی ہے شیطان کی لونڈی ہے کمینہ خصلت ہے اور اس کا اندرون یا دل مر چکا ہے.
….
ہوئی ہے ترک کلیسا سے حاکمی آزاد
فرنگیوں کی سیاست ہے دیو بے زنجیر
معنی:
ترک کلیسا: گرجے کو یا عیسائی مذہب کو چھوڑنا، حاکمی : حکومت، دیو بے زنجیر: ایسا دیو جسے آزاد کر دیا گیا ہو ،
نثر:
مغرب والوں نے جو عیسائی مذہب کے پیرو کار ہیں، اپنی حکومتوں یا سیاست کو عیسائی مذہب سے الگ کر دیا ہے جس کی بدولت اہل یورپ کی سیاست ایسے دیو کی مانند ہو گئی ہے جس کی زنجیریں کھول دی گئیں ہوں اور وہ آزاد گھوم پھر رہا ہو ، یہی وجہ ہے کہ اہل مغرب کی زندگی کے ہر شعبہ میں شیطان کا عمل دخل ہے.
….
متاعِ غیر پہ ہوتی ہے جب نظر اس کی
تو ہیں ہر اول لشکر کلیسا کے سفیر
معنی:
متاعِ غیر : دوسروں کی دولت ، کلیسا: گرجا ،
نثر:
یہ عجیب بات ہے کہ جب لادین سیاست رکھنے والی مغربی قومیں دوسروں کی دولت پر نظر رکھتی ہیں، یعنی دوسرے ملکوں کو فتح کرنا چاہتی ہیں تو اس کی فوج کے پہلے دستے کے طور پر عیسائی پادری پہنچ جاتے ہیں ، پہلے وہ تبلیغ سے میدان صاف کرتے ہیں اور لوگوں کو عیسائیت کی خوبیاں بتا کر اپنی طرف راغب کرتے ہیں ، اس کے بعد ان کے ملکوں کی فوجیں اس ہموار میدان پر آسانی سے قبضہ جما لیتی ہیں اور اپنی لامذہب سیاست کو عام کرتی ہیں.