پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناروے کے نوبل انعام یافتہ ادیب کھنوت ہامسن کا مختص…

ناروے کے نوبل انعام یافتہ ادیب کھنوت ہامسن کا مختصر تعارف
تحریر: شگفتہ شاہ (ناورے)
کھنوت ہامسن (پیدائش: ۴اگست ۱۸۵۹ء – وفات: ۱۹فروری۱۹۵۲ء) ناروے کے سب سے اہم اور جدید ناول نگاری کےبانی ادیبوں میں شمارکئے جاتے ہیں۔ ناروے میں انہیں بیسویں صدی کا سب سےبااثر ادیب سمجھا جاتا ہے۔ ۱۹۲۰ء میں انہیں ادب کے نوبل انعام سے بھی نوازا گیا۔
ان کا ادبی سفر لگ بھگ ستر سال پر محیط ہے ۔ انہوں نے اپنے ادبی سفر کا آغاز ۱۸۹۰ء میں اپنے ناول 'بھوک' سے کیا اور بیس سے زائد ناول، ایک شعری مجموعہ، ایک سفر نامہ ، افسانے ،ڈرامے، اور مختلف موضوعات پر مضامین بھی لکھے۔ کھنوت ہامسن ناروے کے وہ پہلے ادیب تھے جنہوں نےنارویجین ادب میں جدید رومانو یت کا آغاز کیا ۔ ان کے سب سے مشہور ناولوں(بھوک، پین اور وکٹوریہ )میں رومانویت کا گہرا اثر دکھائی دیتا ہے ۔ ۱۸۹۸ء میں شائع ہونے والےناول 'وکٹوریہ ' کوناروے کی ادبی تاریخ میں محبّت کی ایک لازوال کہانی کی شاندار عکاسی تصور کیا جاتا ہے۔ جب کہ بعد کے ناولوں میں جدید حقیقت پسندی کا رنگ نمایاں ہے۔ ۱۹۱۷ء میں شائع ہونے والےناول 'زمینی خزانہ' میں انہوں نے ناروے کی دشوار جغرافیائی صورت ِ حال اور ایک تن تنہا شخّص کی دور دراز علاقے میں بنجر زمین کے ایک ٹکڑے کو ایک وسیع قابلِ کاشت علاقے میں بدلنے کی ایک طویل اورکٹھن جدوجہد کوقلمبند کیا گیا ہے۔ اسی جغرافیائی اور دیہی حقیقت نگاری کی بنا پر انہیں ادب کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔
دوسری جنگِ عظیم کے دوران نازی نظریات اور ناروے پر جرمنی کے قبضے کی حمایت کی وجہ سے کھنوت ہامسن ناروے میں ایک متنازعہ شخصیت سمجھے جانے لگے۔ ان پر غداری کے الزام میں مقدمہ بھی چلایا گیا اور ناروے کی سپریم کورٹ نے انہیں ایک بھاری جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ تاہم ان کے سیاسی نظریات نے ان کی ادبی ساکھ کو متاثر نہیں کیا اور وہ آج بھی ناروے کے سب سے زیادہ مقبول ادیبوں میں شمار کئے جاتے ہیں ۔
کھنوت ہامسن کے ناول 'وکٹوریہ ' کے چند اقتباسات کا ترجمہ بھی پیشِ خدمت ہے:
۱: محبّت کیا ہے؟ پھولوں میں سرسراتی ہوا کا ایک جھونکا؛ نہیں لہو میں شامل زرد نور پاشی۔ محبّت جہنم کا ایک ایسا گرم نغمہ ہے، جو بوڑھوں کے دلوں کو بھی گرما کر محوِ رقص کر دیتا ہے۔ محبّت گلِ داؤدی ہے جو رات ڈھلنے سے پہلے وسیع راہوں پرکھل اٹھتا ہے، اور گلِ لالہ ہے جو ایک گرم سانس سےکمھلا جاتا اور ہا تھ لگنے سے مرجھا جاتا ہے۔
۲: مجھے اس سے محبّت ہے؛ جب اس نے مجھے چوما تو میں بے خود ہو گیا۔ کیا کبھی آپ کے لب اس قدر تھرتھرائے ہیں کہ آپ کے لئے بات کرنا مشکل ہوجائے؟ میرے منہ سے تو بات ہی نہیں نکل رہی تھی، اورمیرے دل کی تیز ڈھڑکن کی وجہ سے میرا پورا جسم کپکپا رہا تھا۔
۳: جیسا کہ ابھی ابھی کہا گیا ہے کہ میری شاعری میں کہیں کہیں بہت جوشیلا پن ہے تو اس کہ وجہ بھی یہی ہے کہ اس زمانے کی یادیں میرے اندر ایک آگ سی لگا دیتی ہیں؛ یہ ان خوشیوں کا عکس ہوتا ہے جو بچپن کے ان دو دوستوں نے مجھے بخشیں تھیں ۔ اس لئے میں نے جو بھی تخلیق کیا ہے اس میں ان کا بھی ایک بڑا حصّہ ہے۔
۴: '' مجھے آپ کا مشورہ درکار ہے، میں آپ کی چھوٹی بہن سے محبّت کرتا ہوں۔ لیکن کل میں نے اس سے بے وفائی کی؛ میں راہداری میں کھڑا آپ کی خادمہ کو بوسہ دے رہا تھا کہ اچانک وہ وہاں آ گئی؛ ہمیں دیکھ کر اس کے منہ سے ایک دبی دبی سی چیخ نکل گئی – ایک ہلکی سے کراہ – اور وہ فوراً وہاں سے چلی گئی۔ آپ بتایئےکہ اب مجھے کیا کرنا چاہیے؟ مجھے آپ کی بہن سے شدید محبّت ہے، خدا کے لئے اسے سمجھائیے اور میری مدد کیجئے!''
۵: موسمِ گرما میں وہ دونوں اکٹھے چہل قدمی کیا کرتے اور ہمیشہ پہلو بہ پہلو چلتے رہتے ۔ وہ نیلے ،پیلے اور سرخ پھول چُن کر ایک دوسرے کو پیش کیا کرتے، وہ گھاس کو ہوا میں لہلہاتے ہوئے دیکھتے اور جنگلوں میں پرندوں کی چہچہاہٹیں سنا کرتے اور ان کا کہا ہر لفظ محبّت سے لبریز ہوا کرتا تھا۔ موسمِ سرما میں وہ گلے میں گھنٹیاں بندھے گھوڑوں پر سفر کیاکرتے اور لا متناہی میدانوں کے اوپر دور نیلے آسمان پر ستارے جگمگاتے رہتے تھے۔
(نارویجین زبان سے براہِ راست اردو ترجمہ)
انتخاب و ترجمہ: شگفتہ شاہ

— with Shagufta Shah.

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2815655845331597