میں دشتِ زندگی کو چلا تھا نکھارنے
اک قہقہہ لگایا گزرتی بہار نے
گزرا ہوں جب سلگتے ہوئے نقش چھوڑتا
دیکھا ہے مجھ کو غور سے ہر رہ گزار نے
میکش نے جامِ زہر ہی منہ سے لگا لیا
پاگل بنا دیا جو نشے کے اتارنے
انسان حدِّ نور سے آگے نکل گیا
چھوڑا مگر نہ اس کو لہو کی پکار نے
ان مہ رخوں کی ہم سے جو یہ بے رخی رہی
جانا پڑے گا چاند پہ کچھ دن گزارنے
کرتے ہیں وہ ستارے بھی اب مجھ پہ چشمکیں
چمکا دیا جنہیں مری شب ہائے تار نے
اُن گل کدوں کو بھی کوئی اے کاش دیکھتا
جھلسا ہے جن کو آتشِ فصلِ بہار نے
لاؤں کہاں سے ان کے لیے اور غمگسار
جو غم دئے ہیں مجھ کو مرے غمگسار نے
میری سرشت میں تھی محبت کی پرورش
مجھ کو قلم دیا مرے پروردگار نے
بخشا ہے اپنے حسن کا پرتو مجھے کرم
فطرت کے ہر جمیل و حسیں شاہکار نے
(کرم حیدری)
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔