پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میرے بدن میں تھی تری خوشبوئے پیرہن شب بھر مرے وجو…

میرے بدن میں تھی تری خوشبوئے پیرہن
شب بھر مرے وجود میں مہکا ترا بدن

ہوں اپنے ہی ہجومِ تمنا میں اجنبی
میں اپنے ہی دیارِ نفس میں جلا وطن

سب پتھروں پہ نام لکھے تھے رفیقوں کے
ہر زخمِ سر ہے سنگِ ملامت پہ خندہ زن

اب دشتِ بے اماں ہی میں شاید ملے پناہ
گھر کی کھلی فضا میں تو بڑھنے لگی گھٹن

ہر آدمی ہے پیکرِ فریاد ان دنوں—!!!
ہر شخص کے بدن پہ ہے کاغذ کا پیرہن

خوش فہم ہیں کہ صرف روایت پرست ہیں
خوش فکر تھے کہ لے اڑے تاریخ کا کفن

اس دور میں یہاں بھی فلسطین کی طرح
کچھ لوگ بے زمیں ہوئے کچھ لوگ بے وطن

مثلِ صبا کوئی اِدھر آیا ، اُدھر گیا
گھر میں بسی ہوئی ہے مگر بوئے پیرہن

سرشار! میں نے عشق کے معانی بدل دیے
اس عاشقی میں پہلے نہ تھا وصل کا چلن

(سرشار صدیقی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی

مزید پڑھیں: سرشار صدیقی کی غزلیں — Sarshar Siddiqui Ghazals کی مزید غزلیں