اللہ اللہ عِشق کی رعنائیاں
حُسن خود لینے لگا انگڑائیاں
ہائے وہ غم کی کرم فرمائیاں
بھیگی راتیں اور وہ تنہائیاں
عِشق ہے ہر مُوئے تن سے نغمہ زن
بج رہی ہیں ہر طرف شہنائیاں
کوئی دیکھے تو حریمِ شوق میں
خلوتوں کی انجُمن آرائیاں
یادِ ظالِم کو تُم اپنی روک لو
لُوٹے لیتی ہے میری تنہائیاں
دِل کی چوٹیں اُبھری آتی ہیں تمام
عِشق کی چلنے لگی پُروائیاں
حُسن کی جانِ توجّہ بن گئیں
بڑھتے بڑھتے عِشق کی رُسوائیاں
سامنے جیسے وہ خود میں جلوہ گر
اللہ اللہ یہ حِجاب آرائیاں
خود بڑھے آتے ہیں وہ میری طرف
کوئی دیکھے تو میری پسپائیاں
اب کہاں اِنساں جِسے اِنساں کہیں
چلتی پِھرتی دیکھ تُو پرچھائیاں
غیر تو غیر اپنے سائے سے بھی رَم
دیکھنا اِس دِل کی وحشت زائیاں
حُسن بھی ہے عِشق بھی ہے جلوہ گر
ایک دِل اور اِس کی یہ پہنائیاں
کون پہنچا تا فرازِ بامِ حُسن
کِس نے دیکھی عِشق کی گہرائیاں
رہ گئی رکھی ہی عقلِ پُختہ کار
عِشق کی کام آ گئیں خودرائیاں
حُسن کے بھی ڈگمگاتے ہیں قدم
عِشق کرتا ہے جہاں دارائیاں
یاد ہے اب جِگرؔ آغازِ عِشق
شب، ہمہ شب وہ خیال آرائیاں
جگرؔ مرادآبادی
المرسل: فیصل خورشید

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔