میری ڈائری
تاریخ: 25 ستمبر، 2016، بروز ہفتہ
آج صبح اٹھا تو دلِ بیزار کو ویسا ہی پایا، نئی صبح کوئی تبدیلی نہیں لائی تھی۔ بِستر سے اُٹھنے کا دل ہی نہیں چاہ رہا تھا۔ بے اختیار اپنی پلنگ کے نیچے رکھی، ایک کتاب اُٹھائی، دیکھا تو یہ "خدیجہ مستور" کے افسانوں کی کتاب تھی، ورق پلٹے اور ایک افسانہ "راستہ" پڑھنا شروع کر دیا۔ میری جمود میں مبتلا زندگی ، بےزار دل ۔۔۔۔۔۔ جیسے سب جاگ اُٹھے ہوں۔ اس افسانے نے تو دل چھو لیا۔ افسانے کے اختتام پر تو میں نے اپنے اندر بہت تبدیلی محسوس کی۔ ناشتے کے بعد ایک دوست کی کال آئی کے "پیرسوہاوا" اور اس سے آگے جانے کا ارادہ ہے، تم کو دعوت دی جاتی ہے کہ اپنی موٹر سائیکل کی سواری کرتے ہوئے ظہر بعد آوارہ گردوں کے ٹولے میں شامل ہو جاؤ ۔۔۔ میں یہ افسانہ نہیں پڑھتا تو شاید میرا دلِ بیزار نا ۔۔۔۔ نا۔۔۔۔ نا۔۔۔ کہتا ۔۔۔
اس افسانے میں ایسا کوئی سبق نہیں تھا، جس نے میرے دل کو بیدار کر دیا، اور دل میں جینے کی اُمنگ بھر دی۔۔۔۔۔ اس افسانے میں تودُکھ ہی دُکھ تھا، سب سچ ہی سچ تھا، اُداسی ہی اُداسی تھی۔۔۔۔۔۔۔ آنسوؤں کا سیلاب تھا، درد ہی درد تھا ۔۔۔۔ خواب تھے۔۔۔۔۔۔ مگرکیوں تبدیلی آئی۔۔۔۔ ؟؟؟ میرا یہ عقیدہ ہے کہ ایک لکھاری کی اچھی تحریر، ایک شاہکار میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ جمود کو توڑ دیتی ہے۔
یاسر حبیب
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/1883634411867083

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔