”موسیٰ اور بھڑکتی آگ“ ????????????
مثنوی روم | ماخذ ترجمہ از #مُسافرِشَب
ءStory of Moses, Shephard and Fireء
ءExcerpt Reference in the Endء
کوہِ طُور کے دامن میں ایک درخت میں اِک آگ جلنے بھڑکنے لگی۔ وہ ایسی آگ تھی جس کی نہ تو تپش تھی اور نہ ہی دھواں.. وہ مکمل روشنی ہی روشنی تھی۔ اے دوست! حقیقت یہ ہے کہ وہ آگ ہر وقت ہر جگہ مسلسل جل رہی ہے مگر اکثر اوقات تیرے محدود حواس میں آنے کے لیے وہ کسی درخت میں جلتی نظر آتی ہے۔ وہ آگ تیرے اندر بھی جل رہی ہے۔ اسی طرح زندگی کا شعلہ بھی ہر آن کائنات بھر میں جل رہا ہے مگر حصولِ توجہ کی خاطر تجھے محدود جاندار نظر آتے ہیں۔ جسم میں زندگی نہیں بلکہ زندگی کے سمندر میں جسم ہے۔ اے دیکھنے والے! درخت میں آگ نہیں بلکہ آگ میں درخت ہے۔
تو کوہِ طُور کے دامن میں آگ جلنے لگی تاکہ اُسی آگ کی جانب سے چُنا گیا شخص موسیٰ اُسے خلوت میں آ ملے.. یہ دونوں شخصیات اکثر اکیلے میں ملتے رہتے تھے۔ ایک بار آگ میں اتنی شدت آئی کہ اُس نے موسیٰ کو چالیس روز و شب کے لیے اپنے پاس ہی روک لیا تھا۔
موسیٰ اُس آگ کی جانب بڑھنا شروع ہوئے۔ ابھی کوہِ طُور شروع نہیں ہوا تھا کہ اچانک اُنہوں نے راستے میں ایک چرواہا دیکھا جو بآوازِ بلند کہہ رہا تھا:
”اے میرے خُدا! کدھر ہے تُو؟ چل اب نظر آ جا۔ تیری شکل دیکھنے کو بہت دل کر رہا ہے۔ پتا نہیں تیری شکل کیسی ہے، چل اب دکھا دے۔ میرے پاس آ، تیرے جُوتے صاف کروں گا۔ بلکہ اپنا سر ہی تیرے جوتوں پر رکھ دوں گا۔ جامنی بُوٹی کے تیل سے تیرے بالوں میں آہستہ آہستہ ہاتھ پھیروں گا۔ تجھے بہت سکون ملے گا۔ کنگھی سے تیرے بال بناؤں گا۔ تیری جوئیں نکالوں گا۔ بلکہ مَیں اُن جوؤں کو پال لُوں گا۔ اپنے بچوں کی طرح رکھوں گا اُنہیں۔ چل آ جا ناں، تیرے کپڑے دھوؤں گا۔ تجھے دودھ پلاؤں گا۔ تجھے بستر پر لٹا کر لوری دُوں گا۔ بلکہ تیرے سفید سفید گالوں پر اپنے ہونٹ رکھ کر آنکھیں بند کر لوں گا۔ ہائے میرے پیارے خدا! آ تو سہی ایک بار۔“
موسیٰ نے سُنا کہ آخری الفاظ تک چرواہے کی آواز میں سے آنسُو ٹپکنے لگے تھے۔ وہ مزید بھی بہت کچھ کہنا چاہتا تھا مگر اُس کی آواز آنسوؤں کی ندی میں ڈوب چکی تھی۔ اب وہ سسکیاں لے رہا تھا۔
ایک لمحہ کے لیے موسیٰ کو سمجھ ہی نہ آئی کہ وہ کیا کریں یا کیا کہیں۔ چونکہ موسیٰ کو خالقِ کائنات کے رعب و دبدبہ اور لامحدود شہنشاہی کا خوب معلوم تھا، بلکہ عرصہ دراز سے اپنی قوم کو تعلیم بھی دے چکے تھے اس لیے اُنہیں محسوس ہوا کہ چرواہے کے الفاظ ایک روایتی انسانی محبوب کے لیے تو درست ہو سکتے ہیں مگر اُس شہنشاہِ کائنات کی شان کے خلاف ہیں۔ لہذا وہ آگے بڑھے اور چرواہے کو مخاطب کیا: ”اے چرواہے تُم کس سے باتیں کر رہے ہو؟“
چرواہا بولا ”اُسی خدا سے جس نے ہمیں پیدا کیا اور زمین و آسماں کا رب ہے.. ہائے میرا پیارا خدا۔“
موسیٰ بھڑک اُٹھے ”خدا کا خوف کرو چرواہے۔ خدا کے متعلق ایسی گھٹیا باتیں کر کے تُم نے اپنا ایمان برباد کر لیا ہے۔ اگر تُم نے توبہ نہ کی تو کافر مر جاؤ گے۔ اپنے منہ میں روئی ٹھونس کر رکھا کرو تاکہ ایسی باتیں نہ کرو۔ دنیا میں خدا کی شان کے خلاف باتوں سے بدبُو اُٹھنے لگتی ہے۔ یہ جُوتے وغیرہ تمہارے ہوتے ہیں، خدا کے نہیں ہوتے۔ وہ جسم کی بندشوں سے پاک ہے۔ بے شک بیوقوف کی ہمراہی اپنے آپ سے دشمنی ہے۔ خدا کو تُم جیسے گستاخوں کی ضرورت نہیں۔“
موسیٰ جلال میں بہت کچھ بولتے رہے اور چرواہا سپاٹ چہرا لیے اُنہیں سُنتا رہا.. مگر اُس کے چہرے پر دو نمکین گرم چشمے جاری تھے۔
چرواہے نے کہا ”مجھ بے وقوف سے غلطی ہو گئی.. آپ نے میری آنکھیں کھول دی ہیں اور زبان بند کر دی ہے۔ اُف میری روح سخت تکلیف میں آ گئی ہے۔“ یہ کہتے ہوئے چرواہے نے اپنے کپڑوں کو پھاڑ ڈالا اور ایک جانب دوڑ لگا دی۔ موسیٰ دیکھ رہے تھے کہ اُس جانب قصبہ نہ تھا، بنجر پہاڑیاں تھیں۔
موسیٰ اُتنی دیر چرواہے کو دیکھتے رہے جب تک کہ وہ دُور ایک چٹان کے پیچھے روپوش نہ ہو گیا۔ تب وہ کوہِ طور کی جانب بڑھنے لگے۔
دُور سے اُسی درخت میں آگ روشن نظر آ رہی تھی۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ عین دوپہر کے وقت آگ کے گرد سیاہ خلا ہوتی تھی، شب کا سماں ہوتا تھا اور صرف آگ کی روشنی نظر آتی تھی۔ اُس آگ کے حضور کسی اور کو روشن ہونے کی اجازت نہ تھی۔
موسیٰ نے اپنے جوتے اُتارے اور آگ کے قریب ہو کر خاموش بیٹھ گئے۔ خاموشی کا دورانیہ طویل ہوتا گیا۔ وہ ایسی خاموشی تھی جو زمین کی حدوں سے باہر کائنات بھر میں اذل سے موجود ہے.. وہی خاموشی۔ یہ خاموشی زمین پر تب نازل ہوتی ہے جب آگ کی مرضی ہو۔ اِس خاموشی کے حصول کے لیے سردار الانبیاء بھی کوہِ نُور کی بلندی پر غارِ حرا میں جا بیٹھتے تھے۔ جبریل تو بعد میں آئے، پہلے اُس کائناتی خاموشی نے سردار کو سیراب کیا۔ وہ جو لوگ پوچھتے ہیں کہ وحی سے پہلے سردار برس ہا برس غارِ حرا میں کیا کرتے تھے، اُن کے لیے یہی خاموشی علم کی بات ہے۔
اچانک آگ میں سے آواز بلند ہوئی ”اے موسیٰ! یہ کیا کر دیا تُو نے! آج مجھ سے میرا بندہ جُدا کر دیا۔ کیا مَیں نے تجھے جوڑنے کے لیے بھیجا تھا یا جدائیاں ڈالنے کے لیے؟
”اے موسیٰ! مَیں نے ہر ذی روح کو ایک دوسرے سے مختلف پیدا کیا ہے۔ ہر کسی کا مجھ سے تعلق الگ نوعیت کا ہے۔ ممکن ہے تجھے کسی میں شرک و بدعات نظر آئیں مگر وہ اپنی فطرت کے مطابق مجھ سے تعلق رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
”اے موسیٰ! سرزمینِ ہند کے باسیوں کے اپنے محاورے ہیں، سرزمینِ فارس دوسرے محاوروں کے ذریعے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں.. اسی طرح سرزمینِ عرب کا طریقہ کچھ اور ہے، سرزمینِ کنعان و مصر کا کچھ اور ہے۔ بحرِ روم کے ساحلوں پر ہر قسم کے لوگ اور زبانیں ہیں۔ مجھے کسی کے محاوروں اور زبان سے کوئی غرض نہیں.. مَیں تو دل کی حالت دیکھتا ہوں۔ اور بے شک ہم نے ہر ذی روح کا دل ایک جیسی کیفیات سے لبریز کر رکھا ہے اس لیے سطحی اختلافات پر توجہ نہ دو۔
”اے موسیٰ! مجھے دل کی آگ چاہیے.. آگ بھڑکاؤ آگ.. مجھے دیکھو، مَیں بھی آگ کی صورت تجھے نظر آ رہا ہوں.. مجھ سے سبق سیکھو۔ زبان و بیان کو پیچھے ہٹاؤ.. آگ جلاؤ.. عشق کی آگ..“
اے دوست! عشق کی آگ ہی اصل مذہب ہے۔ تُم جس مرضی مذہب پر کاربند ہو، اگر دل میں کوہِ طور کی جھاڑی کی طرح عشق کی آگ نہیں جل رہی تو تُم خدا کے راستے سے بھٹک گئے ہو۔ خدا کے عاشقین کا کوئی اور مذہب نہیں سوائے آتشِ عشق کے۔
نغمے بے تاب ہیں تاروں سے نکلنے کے لیے
طُور مضطر ہے پِھر اُسی آگ میں جلنے کے لیے
••
From English book "Tales of Mystic Meaning"
Excerpts of Masnavi Rum | Pg 95-97
by R.A.Nicholson
Translation from Eng to Urdu by مُسافرِشَب
Note: Extended translation.
#TalesOfMysticMeaningByAhsanStory 25
#Rumi #Moses #Shephard #Sinai #BurningBush #Fire #Love
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2952973561599824

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔