مرزا علی رضا ( ضیا عظیم آبادی) کا یومِ وفات
April 27, 1901
نام مرزا علی رضا، ضیا تخلص ۔تقریبا 1880 میں محلہ شاہ املی ،عظیم آباد میں پیدا ہوئے۔کم سنی میں شاعری کا شوق پیدا ہوگیا تھا۔جناب عبدالسبحان صاحب مائل تلمیذ شوق نیموی کے شاگرد ہوئے اور چند سال تک ان سے اصلاح لیتے رہے ۔جب نقص عوارض کے سبب مائل دماغی محنت سے مجبوری ہوئے تو ضیا استاد الاستاد شوق نیمودی کو اپنا کلام دکھانے لگے۔کچھ دنوں تک فقیرانہ وضع اختیار کی۔ گیروا لباس پہنتے رہے ۔شادی بھی نہیں ہوئی تھی کہ 27اپریل 1901کو ہیضے کے مرض میں اس دنیا سے چل دیے ان کا دیوان چھپ گیا ہے جس کا تاریخی نام ’’ریاض شاداب‘‘ معروف بہ’’دیوان رضا‘‘ ہے
..
اک ٹیس جگر میں اٹھتی ہے اک درد سا دل میں ہوتا ہے
ہم رات کو رویا کرتے ہیں جب سارا عالم سوتا ہے
…..
کوچے سے نکلواتے ہو عبث ہم ایسے وطن آواروں کو
رہنے دو پڑے ہیں ایک طرف دکھ دیتے ہو کیوں بے چاروں کو
روگی جو تمہارے عشق کے ہیں جیتے ہیں تمہاری آس پہ وہ
دو چار دنوں پہ خدا کے لیے دیکھا تو کرو بیماروں کو
ہم شکل کسی مژگاں کے جو تھے تو دل میں ہمارے چبھنا تھا
افسوس کہ اے صحرائے جنوں چبھنا بھی نہ آیا خاروں کو
ہر شہر میں ہے سناٹا سا ہر کوچے میں خاک اڑتی ہے
جس دن ث ترے دیوانوں نے آباد کیا کہساروں کو
تھوڑی سی رہی ہے رات ضیاؔ کچھ مانگ دعائیں خالق سے
بہتر ہے اسی میں ہو جو سحر پھر شام سے گننا تاروں کو
………………….
