عشق کے چالیس اصول
رومی اور شمس تبریز کی داستان
از ایلف شفق
میری عمر سات برس تھی، جب میری ماں حاملہ ہوئی۔ اب پیچھے مڑ کر دیکھوں تو لگتا ہے جیسے ان کا حمل پہلے کئی بار گرا ہوگا، لیکن تب میں ایسی باتوں سے نآشنا تھی۔ میں اس قدر معصوم تھی کہ اگر تب کوئی مجھ پوچھتا کہ بچے کیسے دنیا میں آتے ہیں تو میں کہتی کہ خدا انہیں نرم گندھے آٹے سے بنا تا تھا۔ تاہم، خدا میری مان کے لیے جو بچہ گوندھ کر تخلیق کر رہا ہوگا، وہ ضرور خاصا بڑا تھا کیوں کہ ماں کا جسم پھیلتا چلا گیا۔ ماں اتنی موٹی ہوگئی کہ وہ ٹھیک طرح سے ہل بھی نہیں پاتی تھی۔ دایہ نے بتایا کہ ان کے جسم میں پانی جمع ہوتا جارہا تھا لیکن مجھے یہ بات غلط نہ لگی۔ ایک بات جو میری ماں کو معلوم تھی نہ ہی ان کی دایہ کو، یہ کہ بچہ ایک نہیں بلکہ تین تھے۔ تینوں ہی لڑکے تھے۔ میری بھائی میری ماں کی گود میں جنگ لڑ رہے تھے۔ تنیوں جڑواں میں سے ایک نے اپنی آنول سے دوسرے کا گلا گھونٹ دیا، اور پھر جیسے انتقام لینے کو مردہ بچے نے راستہ روک دیا اور پیدائش مشکل ہوگئی۔ میر ی ماں چار روز کرب واذیت کے عالم میں رہی۔ دن رات ہم ان کی چینخیں سنتے رہے، یہاں تک کہ وہ چینخیں سنائی دینا بند ہوگئیں۔ میر ی ماں کی جان بچانے میں ناکام ہو کر دایہ میرے بھائیوں کو بچانے کی پوری کوشش کی۔ لیکن اس دوران صرف ایک بچہ ہی زندہ بچ پایا۔ یوں میرے بھائی کی پیدائش ہوئی۔ میرے بابا نے اسے کبھی معاف نہ کیا اور جب بچے کو بپتسمہ دیا گیا تو وہ تقریب میں شریک بھی نہ ہوئے۔ ماں کی وفات اور باپ کے ایک تلخی بھرے آزردہ شخص میں ڈھل جانے کے بعد زندگی بالکل بھی پہلے جیسی نہ رہی۔ تندور کے حالات بھی تیزی سے خراب ہوتے چلے گئے۔ ہمارے گاہگ کم ہوتے گئے۔ کسی روز غریب ہونے اور بھیک مانگنے سے خائف ہوکر میں روٹی اپنے بستر کے نیچے چھپانے لگی جہاں وہ خشک اور پھپوندی زدہ ہوجاتی۔ لیکن اصل مصیبت میرے بھائی نے جھیلی۔ مجھ سے تو کم از کم ماضی میں محبت کی جاتی اور میرا خیال رکھا جاتا رہا تھا۔ اسے یہ سب پیار کبھی نہ ملا۔ اپنے بھائی سے برا سلوک ہوتے دیکھ کر میرا دل ٹوٹ سا جاتا اور پھر بھی میرا کوئی حصہ شکر ادا کرتا کہ اپنے باپ کے غصے کا ہدف بننے والی میں نہیں تھی۔ کاش میں نے اپنے بھائی کی حفاظت کی ہوتی۔ تب حالات مختلف ہوتے اور میں آج قونیہ کے قحبہ خانے میں نہ ہوتی۔ زندگی بہت عجیب ہے۔ ایک سال بعد میرے باپ نے دوسری شادی کر لی۔ میرے بھائی کی زندگی میں صرف یہ فرق آیا کہ پہلے اس سے برا سلوک صرف بابا کرتے تھے اور اب ان کی نئی بیوی بھی اس میں حصہ ڈالنے لگی۔ وہ گھرسے بھاگنے لگا اور ہر بار بدتر عادتوں اور برے دوستوں کے ساتھ ہی واپس آتا۔ ایک روز میرے باپ نے اسے اتنا مارا پیٹا کہ اس کی تقریبا جان ہی لے لی۔ اس کے بعد اس کا روپ ہی بدل گیا۔ اس کی نگاہ ایسی سرد اور بے رحم ہوگئی جو پہلے کبھی نہ تھی۔ میں جانتی تھی کہ اس کے دماغ میں کچھ تھا لیکن مجھے کبھی خیال تک نہ آیا کہ وہ کیسا دہشت انگیز منصوبہ بنا رہا تھا۔ کاش کہ میں جانتی۔ کاش میں اُس المیے کو روک پاتی۔ پھر موسم بہار کی ایک صبح میرا با پ اور سوتیلی ماں مُردہ حالت میں ملے، انہیں چوہے مار زہر سے ہلاک کیا گیا تھا۔ لوگوں کوجیسے ہی اس حادثے کی خبر ہوئی، ہر کسی کا شک فورا میرے بھائی کی جانب گیا۔ جب سپاہیوں نے سوالات پوچھنا شروع کیے تو وہ گھبرا کر بھاگ گیا۔ میں نے اسے دوبارہ کبھی نہیں دیکھا۔ اور اس طرح میں اس دنیا میں تنہا رہ گئی۔۔ گھر میں ٹھرنے کے ناقابل جہاں مجھے اب بھی اپنی ماں کی خوشبو آتی تھی، تندور میں کام کرنے کے ناقابل جہاں کی فضا میں پریشان کن یادیں منڈلاتی تھیں، میں نے قسطنطنیہ جاکر اپنی ایک بوڑھی غیر شادی شدہ خالہ کے پاس رہنے کا فیصلہ کر لیا جو اَب میری قریب ترین رشتے دار تھیں۔ میری عمر تب صرف تیرہ برس تھی۔ میں قسطنطنیہ جانے کی خاطر ایک گھوڑا گاڑی پر سوار ہوئی، میں سب سے کم عمر مسافر تھی اور واحد جو تنہا سفر کر رہی تھی۔ چند گھنٹوں کے سفر کے بعد ہمیں ڈاکوئوں کے ایک گروہ نے روک لیا۔ انہوں نے مسافروں سے سب کچھ لوٹ لیا، صندوق، کپڑے، جوتے، زیورات، حتیٰ کہ گاڑی بان کا کھانا بھی لوٹ لے گئے۔ میرے پاس انہیں دینے کو کچھ بھی نہیں تھا، میں ایک طرف خاموشی سے کھڑی رہی۔ مجھے یقین تھا کہ وہ مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ لیکن جب وہ جانے کو ہی تھے کہ یکایک ان کا سرغنہ میری طرف مڑا اور پوچھا،"کیا تم کنواری ہو، اے حسینہ؟" میں سرخ پڑ گئی اور ایسے نامناسب سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔ مجھے معلوم ہی نہ تھا کہ میرا سرخ پڑنا ہی وہ جواب تھا جو وہ چاہتا تھا۔ "آئو چلیں! ڈاکوئوں کا سرغنہ چلایا،"گھوڑے اور لڑکی کو ساتھ لے چلو!" جب میں روتے ہوئے مزاحمت کر رہی تھی تو کسی مسافر نے میری مدد کی کوشش نہ کی۔ ڈاکو مجھے گھنے جنگل میں لے گئے جہاں مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ انہوں پورا گائوں بسا رکھا تھا۔ وہاں عورتیں اور بچے تھے۔ ہر طرف بطخیں، بکریاں اور سئور تھے۔ وہ ایک دلکش گائوں دکھائی دیتا تھا، ماسوائے اس کے کہ وہاں مجر م بستے تھے۔ جلد ہی مجھے معلوم ہوگیا کہ ڈاکوئوں کے سرغنہ نے یہ کیوں پوچھا تھا کہ میں کنواری تھی۔ گائوں کا سردار کسی شدید اعصابی بخار میں مبتلا تھا۔ وہ ایک طویل عرصے سے علیل تھا اور اس کے سارے جسم پر سرخ دھبے نمودار ہوچکے تھے، اس کا بہت علاج کیا گیا مگر بے سود۔ حال ہی میں کسی نے اُسے قائل کیا تھا کہ اگر وہ کسی کنواری لڑکی سے قربت رکھے تو اس کی بیماری اس لڑکی میں منتقل ہوجائے گی اور وہ صحت یاب ہوجائے گا۔ میری زندگی کی کچھ بھیانک یادیں ہیں جنہیں میں کبھی نہیں دہرانا چاہتی۔ جنگل میں گزرے وہ ایام بھی انہی میں سے ایک تھے حتیٰ کہ آج بھی میرے ذہن میں جنگل کا خیال آتا ہے تو میں صنوبر کے درختوں کا تصور کرتی ہوں۔ میں عورتوں کے ساتھ جنگل میں ان درختوں تلے بیٹھنے کو ترجیح دیا کرتی تھی، بیشتر عورتیں ان ڈاکوئوں کی بیویاں تھی یا بیٹیاں۔ وہاں پر کئی طوائفیں بھی تھیں جو اپنی خوشی سے آئی تھیں۔ میں کبھی سمجھ نہیں پائی کہ وہ بھاگتی کیوں نہ تھیں۔ میں تو وہاں سے فرار کے لے بے تاب تھی۔ جنگل سے اکثر بھگیاں گزرا کرتی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شرفاکی ہوتیں۔ میرے لیے یہ بڑی پراسرار بات تھی کہ انہیں لوٹا نہ جاتا تھا، پھر مجھے معلو م ہوا کہ ان کے گاڑی بان ڈاکوئوں کو رشوت دیتے تھے کہ انہیں وہاں سے بہ حفاظت گزرنے دیا جائے۔ ایک بار سب کچھ جان لینے کے بعد میں نے وہاں سے فرار کی منصوبہ بندی کی۔ بڑے شہر کی ایک بگھی کو روک کر میں نے اس کے کوچوان سے التجا کی مجھے ساتھ لے چلے۔ اگرچہ وہ جانتا تھا کہ میرے پاس کچھ نہ تھا۔ پھر بھی اس نے ایک بڑی رقم کامطالبہ کیا۔ میں نے مجبورا ادائیگی اُسی ایک طریقے سے کی جس سے میں واقف تھی۔ قسطنطنیہ پہنچنے کے بعد ہی مجھے سمجھ آسکی کہ جنگل میں طوائفیں وہاں سے بھاگتی کیوں نہ تھیں۔ شہر بدتر تھا۔ شہر سفاک اور بے رحم تھا۔ میں نے اپنی بوڑھی خالہ کو کبھی تلا ش نہ کیا۔ اب جب کہ میں اپنے مقام سے گر چکی تھی میں جانتی تھی کہ اُن جیسی شریف خاتون مجھے کسی کے ساتھ نہ رکھنا چاہتی۔ میں تن تنہا تھی۔ شہر کو میری روح کو کچلنے اور میرے جسم کو برباد کرنے میں زیادہ وقت نہ لگا۔ اچانک میں بالکل ایک مختلف دنیا میں تھی۔ بغض، عداوت، عصمت دری،سفاکی اور بیماری کی دنیا۔ میر ے لگاتار اسقاطِ حمل ہوئے، یہاں تک کہ میں اب کبھی ماں نہیں بن سکتی۔ میں نے ان گلیوں میں وہ کچھ دیکھا جو میں بیان نہیں کر سکتی۔ اس شہر کو خیر باد کہنے کے بعد میں نے سپاہیوں، اداکاروں اور خانہ بدوشوں کے ساتھ سفر کیا، سب کی ضرورتیں پوری کرتے ہوئے۔ پھر گیدڑ سر نامی ایک شخص نے مجھے تلاش کر لیا اور قونیہ کے اس قحبہ خانے میں لے آیا۔ نائکہ کو اس بات سے کوئی دلچسپی نہ تھی کہ میں کہاں سے آئی تھی، جب تک کہ میری صورت اچھی تھی، اسے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ میرے اب بچے نہی ہوسکتے اور یوں اُسے اس سلسلے میں اب کسی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے گا۔ میرے بانجھ پن کی نسبت سے اُس نے میرا نام "صحرا" رکھ دیا اور اس نام کو کسی طور پر سجانے کو اُس نے اِس میں "گُل" کا اضافہ کر دیا جو کہ مجھے اچھا لگا کیوں کہ مجھے گلا ب پسندتھے۔ "ایمان" کے بارے میں بھی ایسا ہی سوچتی ہوں۔ گلابوں کا کوئی مخفی باغ جہا ں میں کبھی گھومتی پھرتی اور اس کی خوشبوئوں سے محظوظ ہوتی تھی مگر اب وہاں قدم بھی نہیں رکھ سکتی تھی۔ میں چاہتی ہوں کہ خدا ایک بار پھر میرا دوست بن جائے۔ اسی آرزو کے ساتھ میں اس باغ کا طواف کرتی ہوں، داخلی دروازے کی جستجو میں، ایسے در کی تلاش میں جو خود کو مجھ پر وا کر دے۔جب سمسم اور میں مسجد پہنچے تو مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہ ہوا۔ ہر گوشے میں ہر عمر اور ہر پیشے سے تعلق رکھنے والے مرد موجود تھے، حتیٰ کے عقب میں موجود جگہ پر بھی جو عموما عورتوں کے لیے مخصوص ہوتی تھی۔ میں جگہ کی تلاش میں ہار مان کر باہر نکلنے کوہی تھی جب میں نے ایک فقیر کو اپنی نشست چھوڑ کر باہر نکلتے دیکھا۔ اپنی خوش نصیبی کا شکر ادا کرتے ہوئے میں سمسم کو باہر ہی چھوڑ کر اس جگہ پر جا بیٹھی۔ یوں میں نے خود کو مردوں سے بھری مسجد میں مولانا رومی کا خطبہ سنتے پایا۔ میں یہ سوچنا بھی نہیں چاہتی تھی کہ اگر لوگوں کو معلوم ہوجاتا کہ ان کے درمیان ایک عورت موجود تھی تو کیا ہوسکتا تھا، کجا کہ ایک طوائف، تمام تاریک سوچوں کو بھگا کر میں نے اپنی پوری توجہ خطبے پر مرکوز کر دی۔ "خدا نے مصائب کو تخلیق کیا تاکہ اس کے متضاد خوشی ابھر سکے۔" مولانا رومی نے کہا، "چیزیں اپنے متضاد کے ذریعے ہی عیاں اور آشکار ہوتی ہیں۔ چوں کہ خدا کا کوئی متضاد نہیں، اس لیے وہ مخفی رہتا ہے۔" خطاب کے دوران مبلغ کی آواز بلند ہوئی اور پگھلتی برف سے بھرتی پہاڑی ندی کی طرح گمبھیر ہوتی چلی گئی۔ "زمین کی پستی اور آسمانوں کی رفعت پر نظر کریں۔ جان لیں کہ دنیا کی تمام حالتیں اسی طرح ہیں : سیلاب اور خشک سالی، امن اور جنگ۔۔۔ کچھ بھی ہو، کبھی فراموش مت کریں کہ اللہ نے کبھی بھی رائیگاں تخلیق نہیں کیا، چاہے وہ طیش ہو یا تحمل، ایمان داری ہو یا مکروفریب۔" وہاں بیٹھے میں نے جانا کہ کچھ بھی حکمت کے بغیر نہیں۔ میری ماں کا حمل اور اُن کی کوکھ میں جنگ، میرے بھائی کا ناقابل رفع اکیلا پن، حتیٰ کہ میرے باپ اور سوتیلی ماں کا قتل، جنگل میں میرے بھیانک ایام، اور یہاں تک کہ وہ سفاکی جو میں نے قسطنطنیہ کی گلیوں میں دیکھی۔۔۔ اُن سب نے اپنے طور پر میری زندگی کی کہانی میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔ میں اسے پوری طرح بیان تو نہ کر سکتی تھی مگر میں اسے پورے دل سے محسوس ضرور کر سکتی تھی۔ اس سہ پہر کھچا کھچ بھری مسجد میں مولانا رومی کا خطبہ سنتے ہوئے خود کو پر سکون وآشتی کا ایک بادل سایہ فگن ہوتا محسوس ہوا، اتنا ہی پُرمسرت اور سکون بخش جیسے میری ماں کے ہاتھ سے پکتی روٹیوں کا نظارہ
مکمل تفصیل اس لنک میں
https://youtu.be/Cj9kfYwywDo
بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2868752780021903

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔