پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)** **افسانہ نمبر 586 : "قرقاش زندہ باد…

**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)**

**افسانہ نمبر 586 : "قرقاش زندہ باد!” **

**افسانہ نگار : محمدخاص (فلسطین)**

**انگریزی سے ترجمہ : محمدافتخارشفیع (ساہیوال)**

عدالت کی کارروائی ایک دورافتادہ گاؤں کے ایک چھوٹے سے کمرے میں شروع ہوئی۔یہ کمرہ مستطیل شکل کا تھا اوراس میں ایک گول میزاورچندکرسیوں کے سوا اورکچھ نہ تھا۔کمرے میں موجود واحد میز پر قرآن مجیداور بائبل کا ایک ایک نسخہ رکھاتھا۔کمرے کی عقبی دیوار پر پیتل کی ایک تختی آویزاں تھی جس پر جلی حروف میں درج تھا :

” اعلیٰ حکومت کا ایک اصول: عدل اورانصاف“

اس اجلاس کی کارروائی خفیہ رکھی گئی تھی۔کمرہ عدالت میں موجودسبھی مشتبہ لوگ تھے۔سیکورٹی زون کے قریب ہونے کی وجہ سے گاؤں کے عام لوگوں میں سےکسی کو یہاں آنے کی اجازت نہ تھی۔ایسے لگتاتھا عدالتی اہل کار حاضرین کےساتھ چھیڑ چھاڑ کررہے ہیں۔وہ ایک عربی کہاوت ہے کہ :”تماشائی بھی ایک تماشاہوتاہے“۔کسی ایک کی مصیبت دوسرے کے گلے بھی پڑسکتی ہے۔ملزمان کے نام پکارے گئے:

”شلوموبن ہیم!!! ، گدالیہ شیمتوو!! حاضرہوں!!!“

کمرے میں موجود لوگوں کے لیے یہ خاصی حیرت انگیزبات تھی، اب تک تویہ عدالتوں میں صرف عربوں کے نام سننے کے عادی تھے۔اوراب یہاں ایک نہیں بلکہ دو دو ملزم۔۔یعنی یک نہ شد دوشد،یہ توکمال ہوگیا۔جج نے ملزمان سے سوال پوچھا:

”تم کہاں سے ہو؟“۔

”گوتاڈا سے“ ملزم نے جواب دیا۔

”تمھیں پتہ توہے،اس علاقے میں بغیر اجازت کے داخل ہونے کی اجازت نہیں،پھرتم پرمٹ کے بغیر یہاں کیوں آئے؟“۔

جج نے پھرسوال کیا

”ہماری گائے گم ہوگئی تھی،اسی کوتلاش کرتے ہوئے غلطی سے اس علاقے میں آگئے ہیں جناب۔ ہمیں خوف تھا، گائے کہیں غلطی سے آپ کے علاقے میں نہ داخل ہوجائے،لیکن وہی ہواجس کا ڈر تھا“۔

ملزمان نے ایک ساتھ جواب دیا۔

”ایک ایک کرکے بات کرو،پہلے تم بولو شلومو! کیاتمھاری گائے دودھ دیتی ہے؟“ جج نے ڈانٹ پلائی۔

”بالکل دودھ دیتی تھی جی،اس کا گم ہوجانا بہت نقصان دہ ہے“۔

”گائے کے دودھ سے ڈیری کی اشیابنتی ہیں،آپ یہ بھی جانتے ہیں،دودھ کےبغیرہمارے بچوں کی صحت کوشدید خطرہ لاحق ہوگا“۔

”میں سمجھ گیا،مارشل کوڈ کی ساتویں شق کے مطابق عدالت حکومتی قانون کےمطابق گائے کو توکوئی سزانہیں دے سکتی۔البتہ ملزمان کو ان کی ذمہ داریوں سے بری قرار نہیں دیاجاسکتا“۔

”تمھیں ایک سو پنس جرمانے کی سزاسنائی جاتی ہے“۔

عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا تو شلومو اور گدالیہ کے چہروں پرخوشی کی ایک لہردوڑ گئی۔جرمانے کی رقم ادا کرتے ہوئے انھوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خفیف اورپراسرار سی مسکراہٹ کا تبادلہ کیا۔اس دوران میں عدالتی اہل کار نے آوازلگائی۔

”احمدحسین سعید!! احمدحسین سعیدالفہماوی!!“

عدالت کے سامنے پیش ہوتے ہوئے ملزم کوہلکی سی ٹھوکرلگی۔اسے پہلی بارعدالت میں پیش کیاگیاتھا۔

”ہاں بھئی!کیاعمرہے تمھاری؟“۔جج نے سوال کیا

”جی حضور، پندرہ سال“۔

ملزم کے چہرے پر خوف کے آثارتھے”

تمھیں ذکرون الیعقوب کے علاقے میں داخلے کی ہمت کیسے ہوئی؟۔ کیاتم نےسنانہیں تھا،دوسال پہلے یہاں تمھارے جیسے ایک مزدور کی آنکھ ضائع ہوگئی تھی،اگرایسا کوئی حادثہ تمھارے ساتھ بھی پیش آگیاتو؟“جج عدالتی اہل کارکی طرف متوجہ ہوتے ہوئے بولا:”اس کے باپ کوبلاؤ“۔اسی پچاسی سال کا ایک بزرگ لاٹھی ٹیکتے ہوئے آگے بڑھا۔اس سے پہلے کہ وہ عدالت کے کٹہرے میں آکرکھڑاہوتا،جج نے غصیلے اندازمیں سوال کیا:”تم نے اسے کیوں جانے دیا؟“۔”میں ایک ضعیف اور معذور آدمی ہوں،میراخاندان سات افراد پرمشتمل ہے،یہ لڑکا جو آپ کے سامنے کھڑاہے،عمرمیں سب سے بڑاہے۔یہ کام نہ کرے تو گھرکاچولھا نہیں جلتا جناب“۔

جج نے اس کی بات بڑے غور سے سنی۔ اس کے بعداس نے حکومتی قانون کی روسےعدالت کا فیصلہ پڑھ کرسنایا۔”عدالت سمجھتی ہے کہ ملزم کا باپ بے قصور ہے، اس لیے بیٹے کوچالیس پاؤنڈجرمانے یا بیس دن قیدبامشقت کی سزاسنائی جاتی ہے“چاروں طرف خاموشی اورسناٹا چھاگیا۔”خالدقاسم ملاہا حاضر ہو!!“یہ آج کی عدالتی کارروائی میں تیسرا کیس تھا۔جج نے ملزم کی بجائے اس کے باپ کو آواز دی۔باپ حاضرہواتوجج نے اس سےمخاطب ہوتے ہوئے کہا:”تمھارابیٹا پرمٹ کے بغیرحیدرہ میں کیا کرنے گیاتھا؟“۔”میں ایک معذور شخص ہوں،جیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں میری ایک ٹانگ نہیں ہے۔میں کوشش کے باوجود اسے روک نہیں سکتا“۔باپ نے جواب دیا”ہاں ہاں،تم اسے کیسے روک سکتے ہوں،بالکل سچ کہتے ہو تم،شاباش!،اچھاتمھیں چالیس پاؤنڈجرمانے یا دس دن قیدبامشقت کی سزا دی جاتی ہے،ٹھیک؟“۔اس وقت دوپہرکے بارہ بج کرپینتالیس منٹ ہوچکے تھے،جج کے چہرے پرتھکاوٹ کےآثارنمایاں تھے۔”اب ہم ام لقطف کے حسن طاہرحسن کا کیس دیکھیں گے“۔

”می لارڈ! میرا گائے کی گم شدگی کا مسئلہ تھا،وہ کہیں کھو گئی تھی۔“حسن بولا”

میں اپنے نقصان کے بارے میں پولیس اسٹیشن کے علاوہ اورکہاں شکایت کرسکتاتھا،ہماری آبادی تھانہ کرکورکی حد میں شامل ہے۔ آپ جانتے ہیں، یہ پولیس اسٹیشن ممنوعہ علاقے میں ہے لیکن وہاں جانے کے لیے اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔ میں گیا اوروہاں گرفتارکرلیاگیا“۔

”توکیا تمھاری گائے مل گئی تھی؟“جج نے سوال کیا۔

”جی مل گئی تھی،اسے انتظامیہ نے کانجی ہاؤس میں بندکردیاتھا“۔حسن نے جواب دیا۔جج نے تھوڑے توقف کے بعد فیصلہ سنایا:”دس دن قید یا بیس پاؤنڈجرمانہ“اس سے توبہتر تھا کہ حسن کی گائے اسے نہ ہی ملتی کیوں کہ اس کی قیمت جرمانے کی رقم سے آدھی تھی،حسن سے کھل کر اپنے غم کا اظہاربھی نہ ہوسکاکیوں کہ یہاں قرقاش کا قانون چلتا تھا۔

(۱)قرقاش ایک قدیم مصری حاکم تھا،اس کے دور کے مصرمیں جنگل کا قانون رائج تھا۔عرب دنیا میں قرقاش کی ناانصافی ایک مثال ہے۔

***

**مصنف کا تعارف:**

# **محمدخاص(Muhammad Khas)**

محمدخاص( پیدائش 1928ء)محمدخاص ابراہیم علیہ السلام سے منسوب شہر الخلیل میں پیداہوئے۔ان کے والدین بچپن میں ہی انتقال کرگئے تھے ۔ان کی پرورش ان کے چچا نے کی۔محمدخاص 1948ء میں صہیونی ریاست کے وجود میں آنے کے بعد لبنان ہجرت کرگئے۔انھوں نے اپنے تعلیمی مراحل وہیںسے طے کیے۔محمدخاص عربی کے اہم کہانی نویس ہیں،ان کے ہاں تاریخ اور فلسفےسے استفادے کی صورتیں بھی ملتی ہیں۔ان کی کہانیوں میں ایک خوب صورت تلمیحاتی ماحول دیکھاجاسکتاہے۔محمدخاص کا شمار عربی کے اہم کہانی نویسوں اوررپورتاژ نگاروں میں ہوتاہے،وہ طویل عرصے تک صحافت کے شعبے سے منسلک رہے،ان کی تحریریں روزنامہ”الاتحاد“میں تواتر سے شائع ہوتی تھیں۔محمدخاص نے اسرائیل میں رہنے والے عربوں کی زندگی کے دکھوں کوبڑی مہارت سے اپنی کہانیوں میں جگہ دی ہے۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/3877601919136979


Comments

5 responses to “**عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ)** **افسانہ نمبر 586 : "قرقاش زندہ باد…”

  1. ہت اچھی کہانی اور ترجمہ

  2. فیس بک کا بہترین پیج ، ❣️

  3. ترجمہ مہارت سے کیا گیا۔اچھی کاوش

  4. عمدہ کہانی