راہ آسان ہو گئی ہوگی
جان پہچان ہو گئی ہوگی
موت سے تیرے دَرد مَندوں کی
مُشکِل آسان ہو گئی ہوگی
پِھر پَلَٹ کر نِگہ نہیں آئی
تُجھ پہ قُربان ہو گئی ہوگی
تیری زُلفوں کو چھیڑتی تھی صبا
خود پریشان ہو گئی ہوگی
اُن سے بھی چِھین لو گے یاد اپنی؟
جِن کا اِیمان ہو گئی ہوگی
دِل کی تَسکِین پُوچھتے ہیں آپ؟
ہاں مِری جان ہو گئی ہوگی
مَرنے والوں پہ سیفؔ حیرت کیوں؟
موت آسان ہو گئی ہوگی۔۔۔!
شاعر سیف الدین سیفؔ
آواز نصرت فتح علیخاں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔