دِل سے یا گُلستاں سے آتی ہے
تیری خوشبو کہاں سے آتی ہے
کتنی مغرور ہے نسیمِ سحر
شاید اُس آستاں سے آتی ہے
خود وہی میرِ کارواں تو نہیں
بوئے گل کارواں سے آتی ہے
اُن کے قاصد کا منتظر ہوں میں
اے اَجل تُو کہاں سے آتی ہے
ہو چُکیں آزمائشیں اِتنی
شرم اب امتحاں سے آتی ہے
عین دیوانگی میں یاد آیا
عقل عشقِ بُتاں سے آتی ہے
تیری آواز گاہ گاہ اے دوست
پردہء سازِ جاں سے آتی ہے
شکوہ کیسا کہ ہر بلا اے دوست
جانتا ہوں کہاں سے آتی ہے
دل سے مت سرسری گزر کہ رئیسؔ
یہ زمیں آسماں سے آتی ہے
رئیسؔ امروہوی
المرسل: فیصل خورشید
مزید پڑھیں: رئیس امروہوی کی غزلیں — Rais Amrohvi Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔