پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تلاش رزق کا یہ مرحلہ عجب ہے کہ ہم گھروں سے دور بھ…

تلاش رزق کا یہ مرحلہ عجب ہے کہ ہم
گھروں سے دور بھی گھر کے لیے بسے ہوئے ہیں
….
فقیر عارف امام کا یومِ پیدائش
Apr 21, 1956
سالگرہ مبارک
….
کبھی خاک ہوئے ان قدموں کی، کبھی دل کو بچھا کر رقص کیا
اسے دیکھا خود کو بھول گئے، لہر ا لہرا کر رقص کیا
ترے ہجر کی آگ میں جلتے تھے، ہم انگاروں پر چلتے تھے
کبھی تپتی ریت پہ ناچے ہم، کبھی خود کو جلا کر رقص کیا
کیا خوب مزا تھا جینے میں، اک زخم چھپا تھا سینے میں
اس زخم کو کھرچا ناخن سے اور خون بہا کر رقص کیا
وہ جب نہ ملا محرابوں میں جسے ڈھونڈ رہے تھے خوابوں میں
سجدے سے اٹھایا سر اپنا اور ہاتھ اٹھا کر رقص کیا
کبھی تھمتی ہے کبھی چڑھتی ہے مری مستی گھٹتی بڑھتی ہے
کبھی خاموشی کبھی جھوم لئے کبھی شور مچا کر رقص کیا
سب بستی جنگل ہو آئے، مستی میں مقتل ہو آئے
وہاں جنگ لڑی خود سے ہم نے اورتیغ چلا کر رقص کیا
کہیں میرا خدا ناپید نہیں، کسی خاص جگہ کی قید نہیں
تسبیح پڑھی بت خانے میں، محراب میں آکر رقص کیا
…
یہ فیس بک ہے، یہاں سب عظیم شاعر ہیں
…… عارف امام
کوئی فقیہہ، نہ مرشِد، نہ پِیر ہیں جانی
کہ ہم تو دامِ ہوَس کے اسیر ہیں جانی
رُکے ہیں اک ذرا دہلیز چومنے کے لئے
چلے ہی جائیں گے ہم، راہ گیر ہیں جانی
ترنگِ عشق سے خالی نہیں ہے جا کوئی
یہاں بِھٹائی، وہاں پر کبیر ہیں جانی
لٹائیں جان بھی اک سکۂِ نظر کے لئے
طبیعتاََ یہ گداگر امیر ہیں جانی
زمین گرم ہے اور آسمان دور تو کیا
یہیں کہیں وہ مرے دست گیر ہیں جانی
چلائے جا کہ یہ سینہ چِھدا نہیں پورا
نشانہ باندھ کہ ترکش میں تیر ہیں جانی
بنا بنا کے مِٹا یا مِٹا مِٹا کے بنا
ہم اپنے آپ میں ٹیڑھی لکیر ہیں جانی
فرشتے حجرے پہ دستک کبھی نہیں دیتے
انہیں خبر ہے کہ ہم گوشہ گیر ہیں جانی
یہ لوگ لقمۂ نانِ جویں کو کیا جانیں
یہ لوگ خوگرِ آبِ شعیر ہیں جانی
یہ رہ گزارِ سخن ہے، قدم سنبھال کے رکھ
یہاں انیسؔ ہیں، غالبؔ ہیں، میرؔ ہیں جانی
یہ فیس بک ہے، یہاں سب عظیم شاعر ہیں
یہ مصحفی ہیں، وہ مرزا دبیر ہیں جانی.
دراز ہوتے نہیں ہیں ہر ایک در پہ یہ ہاتھ
ہم ایک خاص گلی کے فقیر ہیں جانی
…………………….