پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

امتیاز سپر مارکیٹ کی چمچماتی روشنیوں میں وہ ٹرالی گھسیٹتے ہوئے صابن اور شیمپو کے…

امتیاز سپر مارکیٹ کی چمچماتی روشنیوں میں وہ ٹرالی گھسیٹتے ہوئے صابن اور شیمپو کے برانڈز کا موازنہ کر رہا تھا کہ اسے محسوس ہوا کوئی اس کا تعاقب کر رہا ہے۔

ایک پچاس سالہ معزز خاتون مستقل اس کے پیچھے چل رہی تھیں۔ نوجوان نے پہلے تو اسے اپنا وہم سمجھا، مگر جب وہ خاتون اس کے بالکل قریب آ کر آہیں بھرنے لگیں تو اس سے رہا نہ گیا۔
​اس نے مڑ کر پوچھا، "خیریت ہے جی؟ آپ پریشان لگ رہی ہیں۔”

​خاتون کی آنکھوں میں فوراّ ساون بھادوں کی جھڑی لگ گئی۔ وہ ہچکیاں لیتے ہوئے بولیں، "بیٹا! تمہاری یہ لمبائی، یہ آنکھیں اور یہ معصومیت بالکل میرے مرحوم بیٹے جیسی ہے۔ وہ بھی تمہاری طرح یہاں آ کر ایسی ہی خریداری کیا کرتا تھا۔ تمہیں دیکھ کر خواہش ہوئی کہ کاش وہ بھی آج میرے ساتھ ہوتا۔”

​نوجوان کا دل موم ہو گیا۔ اسے لگا کہ آج اگر اس نے اس دکھی ماں کو سہارا نہ دیا تو انسانیت مر جائے گی۔ اس نے جذبات میں آ کر کہا، "ماں جی! آپ اداس نہ ہوں، آپ مجھے اپنا بیٹا ہی سمجھیں۔”
​خاتون نے گویا ایک بار پھر زندگی پا لی۔ کانپتی آواز میں بولیں، "کیا تم مجھے ایک بار امی جی کہو گے؟ میرا بیٹا مجھے اسی طرح پکارتا تھا۔”
​نوجوان نے مال کے بیچوں بیچ کھڑے ہو کر بلند آواز میں پکارا، "جی امی جی! حکم کریں!”

خاتون نے آگے بڑھ کر اس کے ماتھے پر پیار دیا، اس کے ہاتھ چومے اور روتے ہوئے رخصت ہو گئیں، گویا کسی بچھڑے ہوئے یوسف سے مل کر اب ابدی سکون پا لیا ہو۔ نوجوان بھی اس منظر سے ایسا متاثر ہوا کہ اس کی اپنی آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو گرنے لگے۔
نوجوان اس خاتون کو جاتے ہوئے دیکھ رہا تھا، کاونٹر کے پاس پہنچ کر خاتون ایک مرتبہ پھر نوجوان کے صدقے واری ہوئی، نوجوان نے ہاتھ ہلایا اور الوداع کہا۔ اس نے سوچا آج ایک ماں کو جو خوشی دی ہے اس کا کوئی مول نہیں۔

وہ دوبارہ اپنی خریداری کی طرف متوجہ ہوا، صابن اور باڈی سپرے ٹوکری میں رکھے اور خراماں خراماں کاونٹر کی طرف بڑھا۔ کیشیئر حساب کرنے لگا۔

کیشیئر: "جناب! دس ہزار روپے۔” اس نے ایک طویل رسید سامنے لہرائی جو کسی بھی لحاظ سے صابن اور باڈی سپرے کی رسید نہیں لگ رہی تھی۔

نوجوان: (حیرت سے) "بھائی، میں نے تو صرف ایک باڈی سپرے اور صابن لیا ہے، کیا تم نے اس میں حبیب بنک کے شیئرز بھی ڈال دیے ہیں؟”

کیشیئر: "جناب، آپ کا بل تو صرف 800 روپے ہے، باقی 9,200 روپے کی شاپنگ امی جی کر کے گئی ہیں۔ وہ کہہ رہی تھیں کہ میرا بیٹا پیچھے آ رہا ہے، وہی بل دے گا۔ 🤣🤣🤣

سنا ہے وہ نوجوان اب اپنی امی کو بھی خالہ کہتا ہے۔ 😆😆


Source