پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیگم سلطانہ ذاکر ادا کا یوم پیدائش یکم ستمبر 19…

بیگم سلطانہ ذاکر ادا کا یوم پیدائش
یکم ستمبر 1929

زندگی تیرا اعتبار نہیں

اس لیے تیرا انتظار نہیں

تجھ کو مطلب نہیں زمانے سے

آرزو تیری پر بہار نہیں

تیری چاہت میں گم ہوئی دنیا

پھر بھی تجھ کو کسی سے پیار نہیں

تیرے آنے پہ شاد ہوتے ہیں

جن کا جانے پر اختیار نہیں

تو نے رسم وفا نہ جانی کبھی

بے رخی کا تری شمار نہیں

تو نے جب چاہا منہ کو موڑ لیا

تو کسی کی بھی غم گسار نہیں

تیرے جانے سے دل ملول ہیں ہم

تو کسی کی بھی جاں نثار نہیں

تیری ہر ایک ادا سہانی سہی

تو قریں ہے مگر قرار نہیں
…….

کبھی میری ہر خوشی کو مرے مہرباں نے لوٹا

کبھی میری انجمن کو مرے پاسباں نے لوٹا

کبھی بجلیاں تڑپ کے گریں میرے آشیاں پر

جو بچے تھے چار تنکے انہیں رازداں نے لوٹا

تھے بچا بچا کے رکھے کچھ گل رہ چمن سے

مجھے ڈال کر قفس میں انہیں باغباں نے لوٹا

جو بہار بن کے آئے وہ غبار بن کے بھٹکے

کبھی تو صبا نے چھیڑا کبھی ہے خزاں نے لوٹا

مری پائے جستجو کو مری خوئے آرزو کو

مرے راستے میں آ کر نئے امتحاں نے لوٹا

نہ ملا سکون آخر جو جہان رنگ و بو میں

نہ مجھے کسی نے جانا مجھے ہے جہاں نے لوٹا

نہیں ہے گلہ کسی سے نہ اداؔ کوئی شکایت

مجھے ضبط غم نے روکا غم ناگہاں نے لوٹا
….

راہ الفت میں کہیں ایسے جیا جاتا ہے

زخم دل زخم جگر آپ سیا جاتا ہے

جب کمی درد میں ہوتی ہے سنبھل جاتے ہیں

یاد آ جائے تو پھر درد سہا جاتا ہے

ہوں اگر پاس بھی وہ ہوتا نہیں غم کا بیاں

ایسے حالات میں کیا کس سے کہا جاتا ہے

بس یہی سوچتے رہتے ہیں کہیں یا نہ کہیں

بن کہے بھی تو نہیں ہم سے رہا جاتا ہے

چارہ گر کوئی نہ ہو پاس تو کیا کیجے گلہ

چشم بھر آئے تو اشکوں کو پیا جاتا ہے

زندگی یوں ہی تردد میں گزر جائے گی

ضبط کرنا بھی تو دشوار ہوا جاتا ہے

آپ خاموش ہر اک بات پہ ہو جاتے ہیں

کیا کسی کو یوں ہی الزام دیا جاتا ہے

ایسے حالات میں کچھ فیصلہ کیجے تو اداؔ

دل ناکام یوں بدنام ہوا جاتا ہے
….

مزید پڑھیں: بیگم سلطانہ ذاکر ادا کی غزلیں — Begum Sultana Zakir Ada Ghazals کی مزید غزلیں