بیگم سلطانہ ذاکر ادا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی تیرا اعتبار نہیں (غزل)
زندگی تیرا اعتبار نہیں
اس لیے تیرا انتظار نہیں
تجھ کو مطلب نہیں زمانے سے
آرزو تیری پر بہار نہیں
تیری چاہت میں گم ہوئی دنیا
پھر بھی تجھ کو کسی سے پیار نہیں
تیرے آنے پہ شاد ہوتے ہیں
جن کا جانے پر اختیار نہیں
تو نے رسم وفا نہ جانی کبھی
بے رخی کا تری شمار نہیں
تو نے جب چاہا منہ کو موڑ لیا
تو کسی کی بھی غم گسار نہیں
تیرے جانے سے دل ملول ہیں ہم
تو کسی کی بھی جاں نثار نہیں
تیری ہر ایک ادا سہانی سہی
تو قریں ہے مگر قرار نہیں
اس طرح اعتبار کرتے رہے (غزل)
اس طرح اعتبار کرتے رہے
ساری ہستی نثار کرتے رہے
دل جلایا کیے دیے کی جگہ
رنج و غم آشکار کرتے رہے
میری چاہت کو آزمایا کیے
بے رخی اختیار کرتے رہے
ہم تو عہد وفا نبھایا کیے
وہ ہمیں شرمسار کرتے رہے
ان سے اظہار غم گنہ ہی سہی
ہم اسے بار بار کرتے رہے
کیسا وعدہ کیا تھا آنے کا
آج تک انتظار کرتے رہے
پھول کمھلا گئے چمن کے مگر
لوگ جشن بہار کرتے رہے
ہم تڑپتے رہے اداؔ ہر دم
چشم غم اشک بار کرتے رہے
بیاض دل کو جو کھولیں تو جستجو ہوگی (نظم)
بیاض دل کو جو کھولیں تو جستجو ہوگی
ہر ایک صفحۂ ہستی کی گفتگو ہوگی
انہیں یہ ضد کہ نہ آؤ ہماری محفل میں
ہمیں گماں رہا کچھ تو وفا کی خو ہوگی
اسی سبب سے تھا اے نامہ بر تجھے روکا
کہ اب تو بات جو ہوگی وہ روبرو ہوگی
مزاج ان کا سمجھنا کسی کے بس میں نہیں
وفا کی بات پر ایسی بھی تم سے تو ہوگی
دلائیں لاکھ یقین ہم مگر وہ کیوں مانے
جو بات گھر سے چلے گی ہر ایک سو ہوگی
چھپا کے رکھا ہے پلکوں نے اک سمندر کو
جو چشم نم سے گری بوند وہ لہو ہوگی
ستارے ڈوب کے لائے خبر سحر کی اداؔ
کدورتوں کو ہٹاؤ تو دل میں ضو ہوگی