بیگم ممتاز مرزا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محرومیٔ دوام پہ نازاں کوئی تو ہو (غزل)
محرومیٔ دوام پہ نازاں کوئی تو ہو
اے دل جفائے دوست کے شایاں کوئی تو ہو
آخر کسی کو کہہ تو سکیں رفتۂ بہار
پھولوں کی طرح چاک گریباں کوئی تو ہو
برق چمن کو ہم سے عداوت نہیں مگر
ایام گل میں سوختہ ساماں کوئی تو ہو
کوئی کلی تو کھل کے ہنسے صحن باغ میں
اے دل حریف گردش دوراں کوئی تو ہو
رسوائیاں کہ دار و رسن یا در حبیب
ممتازؔ اپنی زیست کا عنواں کوئی تو ہو
یہ میں نے کیا کیا کہ جفا اور بڑھ گئی (غزل)
یہ میں نے کیا کیا کہ جفا اور بڑھ گئی
جرم وفا کے بعد سزا اور بڑھ گئی
گل ہائے رنگ رنگ ہیں ان کو نہیں ثبات
چپکے سے یہ صبا نے کہا اور بڑھ گئی
اک برق جاں فروز مرے آشیاں کے پاس
ٹھہری بس اک ذرا کی ذرا اور بڑھ گئی
اے رب دو جہاں تری رحمت کے میں نثار
کس جرم کی بنا پہ سزا اور بڑھ گئی
ممتازؔ یوں تو بزم میں لاکھوں چراغ ہیں
آنے سے تیرے کچھ تو ضیا اور بڑھ گئی
مزید غزلیں از بیگم ممتاز مرزا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں