بلقیس ظفیر الحسن کا یوم پیدائش
یکم ستمبر 1938
بلقیس پروین، شادی سے پہلے بلقیس بانو رحمانی کے نام سے لکھتی تھیں۔ دہلی میں مقیم ہیں۔ ایک ہمہ جہت ادبی شخصیت ہیں۔ شاعری اور افسانہ نگاری کے علاوہ تراجم، ڈرامہ نگاری اور بچوں کے ادب سے بھی شغف رکھتی ہیں
بلقیس ظفیر الحسن کے اشعار
…
انہونی کچھ ضرور ہوئی دل کے ساتھ آج
نادان تھا مگر یہ دوانا کبھی نہ تھا
..
خود پہ یہ ظلم گوارا نہیں ہوگا ہم سے
ہم تو شعلوں سے نہ گزریں گے نہ سیتا سمجھیں
…
ہر دل عزیز وہ بھی ہے ہم بھی ہیں خوش مزاج
اب کیا بتائیں کیسے ہماری نہیں بنی
…
اپنی تو کوئی بات بنائے نہیں بنی
کچھ ہم نہ کہہ سکے تو کچھ اس نے نہیں سنی
….
در بدر کی خاک تھی تقدیر میں
ہم لیے کاندھوں پہ گھر چلتے رہے
….
جن میں کھو کر ہم خود کو بھی بھول گئے ہیں
کیا ہم کو بھی ان آنکھوں نے ڈھونڈا ہوگا
…
جانے کیا کچھ ہے آج ہونے کو
جی مرا چاہتا ہے رونے کو
…
ہے یوں کہ کچھ تو بغاوت سرشت ہم بھی ہیں
ستم بھی اس نے ضرورت سے کچھ زیادہ کیا
…
اٹھ کر چلے گئے تو کبھی پھر نہ آئیں گے
پھر لاکھ تم بلاؤ صدائیں دیا کرو
….
میری طرح ٹوٹے آئینے میں اس نے بھی
ٹکڑے ٹکڑے اپنے آپ کو پایا ہوگا
…
کتنے سادہ ہیں ہم کہ بیٹھے ہیں
داغ دل آنسوؤں سے دھونے کو
….
خود اپنی فکر اگاتی ہے وہم کے کانٹے
الجھ الجھ کے مرا ہر سوال ٹھہرا ہے
…
ہم تو بیگانے سے خود کو بھی ملے ہیں بلقیسؔ
کس توقع پہ کسی شخص کو اپنا سمجھیں
….
تیری تو بلقیسؔ نرالی ہی باتیں ہیں
اس دنیا میں کیسے ترا گزارا ہوگا
…
بس ایک جان بچی تھی چھڑک دی راہوں پر
دل غریب نے اک اہتمام سادہ کیا
…
دہشت زدہ زمیں پر وحشت بھرے مکاں یہ
اس شہر بے اماں کا آخر کوئی خدا ہے
…
ذرا سی دیر بھی رکتا تو کچھ پتا چلتا
وہ رنگ تھا کہ تھی خوشبو سحاب سا کیا تھا
…
کس نے کہا کسی کا کہا تم کیا کرو
لیکن کہے کوئی تو کبھی سن لیا کرو
….
یوں چپ رہا کرے سے تو ہو جائے ہے جنوں
زخم نہاں کرید کے کچھ رو لیا کرو
….
نہیں ہے خواب دیوانے کا ہستی
یہ دنیا صرف اک دھوکا نہیں ہے
…
ہم بھی ہیں بلقیسؔ مجروحین میں
ہم پہ بھی تیر و تبر چلتے رہے
…..
تمام لالہ و گل کے چراغ روشن ہیں
شجر شجر پہ شگوفوں میں جل رہی ہے ہوا
………………….
