زہیر کنجاہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جینے کی ہے امید نہ مرنے کی آس ہے (غزل)
جینے کی ہے امید نہ مرنے کی آس ہے
جس شخص کو بھی دیکھیے تصویر یاس ہے
جب سے مسرتوں کی ہوئی جستجو مجھے
میں بھی اداس ہوں مرا دل بھی اداس ہے
لاشوں کا ایک ڈھیر ہے گھیرے ہوئے مجھے
آباد ایک شہر مرے آس پاس ہے
مجھ سے چھپا سکے گی نہ اپنے بدن کا کوڑھ
دنیا مری نگاہ میں یوں بے لباس ہے
یاران مے کدہ مرا انجام دیکھنا
تنہا ہوں اور سامنے خالی گلاس ہے
اب ترک آرزو کے سوا کیا کریں زہیرؔ
اس دشت آرزو کی فضا کس کو راس ہے
بادہ کش ہوں نہ پارسا ہوں میں (غزل)
بادہ کش ہوں نہ پارسا ہوں میں
کوئی سمجھائے مجھ کو کیا ہوں میں
رات بکھرے ہوئے ستاروں کو
دن کی باتیں سنا رہا ہوں میں
میرے دل میں ہیں غم زمانے کے
ساری دنیا کا ماجرا ہوں میں
شعر اچھے برے ہوں میرے ہیں
ذہن سے اپنے سوچتا ہوں میں
کوئی منزل نہیں مری منزل
کس دوراہے پہ آ گیا ہوں میں
یوں گرا ہوں کہ اٹھ نہیں سکتا
شاید اپنا ہی نقش پا ہوں میں
ان کا افسانہ کہتے کہتے زہیرؔ
اپنی روداد کہہ گیا ہوں میں