زبیر حمزہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خدا کی شرم نہ کچھ احترام مسجد کا (غزل)
خدا کی شرم نہ کچھ احترام مسجد کا
لگا ہوا ہے دکانوں پہ نام مسجد کا
بحکم عشق جھکا اس کے سامنے ورنہ
وہ دیوی اور میں بیٹا امام مسجد کا
یہ خون تھوکتی مخلوق اسی کا کنبہ ہے
سمجھ لیا جسے تم نے تمام مسجد کا
عجیب قہر ہے منبر پہ طنز کرتے ہیں
وہ لوگ منہ بھی ہے جن پر حرام مسجد کا
حقیقتاً تو زبیرؔ آگے معبد دل کے
جو کوئی سمجھے تو کم ہے مقام مسجد کا
تاخیر تھی چمن میں فقط تیرے پیر کی (غزل)
تاخیر تھی چمن میں فقط تیرے پیر کی
خوشبو نے ساعتوں میں زمانوں کی سیر کی
بھیجا گیا ہے جلتے ہوئے شہر میں مجھے
اور حکم ہے کہ لاؤں خبر کوئی خیر کی
قدرت سخن سرائی پہ کیسی کہ ہم نے تو
یہ چاہ کر نہ کی کبھی چاہے بغیر کی
آنکھوں میں تب سے گڑ گئے بے خوابیوں کے تیر
جب سے فصیل ٹوٹ گئی شب بخیر کی
کیوں رنگ نیلا پڑ گیا سن کر یہ آپ سے
کیوں زہر لگ گئی مجھے تعریف غیر کی
اک داستان تلخ بہ پیرایۂ لطیف
اے صاحبان شعر غزل ہے زبیرؔ کی