زبیر فاروقؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صاف آئینہ ہے کیوں مجھے دھندلا دکھائی دے (غزل)
صاف آئینہ ہے کیوں مجھے دھندلا دکھائی دے
گر عکس ہے یہ میرا تو مجھ سا دکھائی دے
مجھ کو تو مار ڈالے گا میرا اکیلا پن
اس بھیڑ میں کوئی تو شناسا دکھائی دے
برباد مجھ کو دیکھنا چاہے ہر ایک آنکھ
مل کر رہوں گا خاک میں ایسا دکھائی دے
یہ آسماں پہ دھند سی چھائی ہوئی ہے کیا
گر ابر ہے تو ہم کو برستا دکھائی دے
یہ مجھ کو کس مقام پہ لے آئی زندگی
یا رب کوئی فرار کا رستہ دکھائی دے
فاروقؔ دل کا حال میں جا کر کسے کہوں
ہر چہرہ مجھ کو اپنا ہی چہرہ دکھائی دے
آنکھوں میں ہے بسا ہوا طوفان دیکھنا (غزل)
آنکھوں میں ہے بسا ہوا طوفان دیکھنا
نکلے ہیں دل سے یوں مرے ارمان دیکھنا
بھولا ہوں جس کے واسطے میں اپنے آپ کو
وہ بھی ہے میرے حال سے انجان دیکھنا
دیکھا جو مسکراتے ہوئے آج ان کو پھر
روشن ہوا ہے جینے کا امکان دیکھنا
ہے حرف حرف زخم کی صورت کھلا ہوا
فرصت ملے تو تم مرا دیوان دیکھنا
چاروں طرف ہے پھیلا ہوا سبزہ زار سا
بادل کا ہے زمین پر احسان دیکھنا
آنکھوں میں اشک لب پہ فغاں دل فگار سا
راہ وفا میں جینے کا سامان دیکھنا
چلتا ہوں احتیاط سے فاروقؔ اس لیے
کر لوں نہ پھر کہیں کوئی نقصان دیکھنا