زبیر احمد تنہا ملک رام پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ابتدا ہے کوئی اختتام تھوڑی ہے (غزل)
یہ ابتدا ہے کوئی اختتام تھوڑی ہے
ہے شام وصل بچھڑنے کی شام تھوڑی ہے
ابھی تو آئے ہو جانے کی بات کرتے ہو
محبتوں سے بڑا کوئی کام تھوڑی ہے
سبھی کو جانا ہے دنیا کو چھوڑ کر اک دن
کسی بشر کو بھی حاصل دوام تھوڑی ہے
جہاں میں نفرتیں بانٹو کسی کا قتل کرو
تمہارے واسطے کچھ بھی حرام تھوڑی ہے
تری نظر کا ہی ساقی ہوں بس میں دیوانہ
مری نظر میں صراحی و جام تھوڑی ہے
وفا کسی کو میسر ہی کب ہوئی ہے یہاں
جو حکمراں ہے وہ راون ہے رام تھوڑی ہے
بہت سے لوگوں نے ہم پر ستم کئے ہیں ملکؔ
ہمارے لب پہ کسی کا بھی نام تھوڑی ہے
ظالم کے آگے سر کو جھکایا نہیں کبھی (غزل)
ظالم کے آگے سر کو جھکایا نہیں کبھی
یعنی کہ قد کو اپنے گھٹایا نہیں کبھی
دنیا نے میرے دل کو دکھایا ہے بار بار
میں نے کسی کے دل کو دکھایا نہیں کبھی
غم یہ نہیں کہ چھوڑ کے مجھ کو چلا گیا
غم یہ ہے پھر وہ لوٹ کے آیا نہیں کبھی
اک وہ ہے مجھ کو یاد بھی کرتا نہیں مگر
اک میں ہوں جس نے اس کو بھلایا نہیں کبھی
یوں تو خدا نے مجھ کو سبھی کچھ عطا کیا
پر جو میں چاہتا تھا وہ پایا نہیں کبھی
اس کی طرف سے دوستو ترک وفا کے بعد
میں بھی اسے نگاہ میں لایا نہیں کبھی
میں تو وفا نبھاتا رہا عمر بھر ملکؔ
اس نے ہی اپنا فرض نبھایا نہیں کبھی