زبیر احمد ہلال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لطف و کرم کا تیرے طلب گار میں بھی ہوں (غزل)
لطف و کرم کا تیرے طلب گار میں بھی ہوں
یا رب خطا معاف خطا کار میں بھی ہوں
ستار تو رحیم تو رحمان تو غفور
ہر اک قدم پہ تیرا گنہ گار میں بھی ہوں
میری طرف بھی کوئی محبت بھری نظر
اے حسن یار طالب دیدار میں بھی ہوں
کوئی دعا کہ کھل اٹھے مایوس زندگی
کوئی دوا کہ دیر سے بیمار میں بھی ہوں
باطل کے ساتھ چلنا گوارہ نہیں ہلالؔ
حق بات گر کہوں تو سر دار میں بھی ہوں
ذکر ہر صبح و شام ہوتا ہے (غزل)
ذکر ہر صبح و شام ہوتا ہے
لب پہ تیرا ہی نام ہوتا ہے
دل کی حالت عجیب ہوتی ہے
جب بھی ان سے کلام ہوتا ہے
راہ میں اس کا اس طرح ملنا
سر جھکا کر سلام ہوتا ہے
آپ پر جان دینے والوں میں
سر بہ فہرست نام ہوتا ہے
ان کا عالم بھی خوب عالم ہے
دست میں جن کے جام ہوتا ہے
تیرے کوچہ سے جو گزرتا ہے
چار سو اس کا نام ہوتا ہے
سارا عالم ہلالؔ گل ہو جائے
عشق میں اک مقام ہوتا ہے
خاک گلشن کو گل فشاں کر لو (نظم)
خاک گلشن کو گل فشاں کر لو
ذرہ ذرہ کو کہکشاں کر لو
وقت ہے اب بھی اے چمن والو
اپنا محفوظ آشیاں کر لو
خاک گلشن کی عظمتوں کی قسم
اب بھی تعمیر گلستاں کر لو
رخ حوادث کا جب ہو سوئے چمن
زد میں طوفاں کے آشیاں کر لو
ہے ضرورت قدم ملا کے چلو
عزم منزل کو کامراں کر لو
منتشر ہو کے جی نہیں سکتے
ہم نشینوں کو ہم زباں کر لو
یہی پیغام ہے ہلالؔ اپنا
دور جمہور جاوداں کر لو