ضیاء شہزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی جہد مسلسل اور صلہ کچھ بھی نہیں (غزل)
زندگی جہد مسلسل اور صلہ کچھ بھی نہیں
جی رہا ہوں جیسے جینے کا مزا کچھ بھی نہیں
اور ہوں گے جن کو ملتا ہے وفاؤں کا صلہ
یاں تو سب کچھ کھو دیا لیکن ملا کچھ بھی نہیں
سہہ رہا ہوں کب سے ناکردہ گناہوں کا عذاب
اے خدا کیسے کہوں میری خطا کچھ بھی نہیں
گردش حالات سے بس پھڑپھڑا اٹھے ہیں لب
آپ یہ سچ جانئے کہ مدعا کچھ بھی نہیں
میں نے اے شہزادؔ دنیا بھر کو سب کچھ ہی دیا
پر یہ دنیا کیسی ہے اس نے دیا کچھ بھی نہیں
محبت جذبہ ہے احساس ہے اور سحر ہے جاناں (غزل)
محبت جذبہ ہے احساس ہے اور سحر ہے جاناں
رگ و پے میں سرایت جو کرے وہ زہر ہے جاناں
اگر فرصت ملے تو میرے دل میں جھانک کر دیکھو
تمہاری آرزوؤں کا بسا اک شہر ہے جاناں
تمہاری نیم وا آنکھوں میں جانے کیا ہے پوشیدہ
کہ شوخی ہے غضب ہے پیار ہے یا قہر ہے جاناں
کنارے اب لگا دے یا ڈبو دے اس کی مرضی ہے
کہ دل دریا کی اک بپھری ہوئی سی لہر ہے جاناں
ذرا سوچو کہ حالت ہوگی کیا شہزادؔ کے دل کی
وہی موسم گلابی ہے وہی سہ پہر ہے جاناں