ضیا الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مے کشی کا تو مزہ جب ہے بہار آئی ہو (غزل)
مے کشی کا تو مزہ جب ہے بہار آئی ہو
موج بادہ مرے ساقی تری انگڑائی ہو
گامزن جب کہ ادھر آپ کا سودائی ہو
کس لیے پھر نہ بیاباں میں بہار آئی ہو
اس طرح پہلے ملا تھا نہ مجھے کوئی شخص
جیسے برسوں سے مری اس کی شناسائی ہو
اس کے نزدیک ہے کیا چیز تماشائے ہلال
جس کی نظروں میں نہاں آپ کی انگڑائی ہو
گفتگو آپ کی میری ہے ابھی جائے تمام
غیر ممکن کہ سر حشر یہ تنہائی ہو
سنگ در ہی نہ رہے یا نہ رہے میری جبیں
کچھ نہ کچھ حاصل دل ذوق جبیں سائی ہو
اس کا اعزاز کوئی اہل نظر سے پوچھے
جس نے قدموں میں ترے آ کے جگہ پائی ہو
ایک مدت سے گرفتار قفس میں ہو ضیاؔ
جانے کے بار گلستاں میں بہار آئی ہو
ہجوم شوق تمنا سے تم کہاں واقف (غزل)
ہجوم شوق تمنا سے تم کہاں واقف
مرے خیال کی دنیا سے تم کہاں واقف
گزر رہی ہے جو مجھ پر تمہیں خبر کیا ہے
مرے مذاق تمنا سے تم کہاں واقف
تم ایک پیکر ناز و ادا سہی لیکن
نیاز و عشق کے سودا سے تم کہاں واقف
نگاہ شوق کا ارمان تم کو کیا معلوم
ہمارے ذوق تماشا سے تم کہاں واقف
ہمارے داغ محبت کی قدر کیا تم کو
چراغ شام تمنا سے تم کہاں واقف
تمہیں خبر نہیں افتاد کیا ضیاؔ پر ہے
فریب خوردۂ دنیا سے تم کہاں واقف