پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضیاء المصطفیٰ ترک کی غزلیں — Ziaul Mustafa Turk Ghazals

ضیاء المصطفیٰ ترک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتنے ہی فیصلے کئے پر کہاں رک سکا ہوں میں (غزل)

کتنے ہی فیصلے کئے پر کہاں رک سکا ہوں میں

آج بھی اپنے وقت پر گھر سے نکل پڑا ہوں میں

ابر سے اور دھوپ سے رشتہ ہے ایک سا مرا

آئنے اور چراغ کے بیچ کا فاصلہ ہوں میں

تجھ کو چھوا تو دیر تک خود کو ہی ڈھونڈتا رہا

اتنی سی دیر میں بھلا تجھ سے کہاں ملا ہوں میں

خوشبو ترے وجود کی گھیرے ہوئے ہے آج بھی

تیرے لبوں کا ذائقہ بھول نہیں سکا ہوں میں

آیتوں جیسے ناگہاں جاوداں لمس کی قسم

تیرے اچھوتے جسم کا پہلا مکالمہ ہوں میں

ویسے تو میرا دائرہ پورا نہیں ہوا ابھی

ایسی ہی کوئی قوس تھی جس سے جڑا ہوا ہوں میں

جتنی بھی تیز دھوپ ہو شاخیں ہیں مہرباں تری

چھاؤں پرائی ہی سہی سانس تو لے رہا ہوں میں

طغیانی سے ڈر جاتا ہوں (غزل)

طغیانی سے ڈر جاتا ہوں

جسم کے پار اتر جاتا ہوں

آوازوں میں بہتے بہتے

خاموشی سے مر جاتا ہوں

بند ہی ملتا ہے دروازہ

رات گئے جب گھر جاتا ہوں

نیند ادھوری رہ جاتی ہے

سوتے سوتے ڈر جاتا ہوں

چاہے بعد میں مان بھی جاؤں

پہلی بار مکر جاتا ہوں

تھوڑی سی بارش ہوتی ہے

کتنی جلدی بھر جاتا ہوں

کتنے دنوں کی دہلیزوں سے

رات کے ساتھ گزر جاتا ہوں

مزید غزلیں از ضیاء المصطفیٰ ترک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں