ذیشان نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں دیکھتے ہو کیوں مجھے نظریں اٹھا کے تم (غزل)
یوں دیکھتے ہو کیوں مجھے نظریں اٹھا کے تم
دیوانہ کر رہے ہو تماشہ بنا کے تم
سنتے ہیں ایک نور ہے روشن حجاب میں
دکھلا دو اک جھلک ذرا پردہ اٹھا کے تم
میں ہوں تمہارا اور تمہارا رہوں گا میں
کیوں آزما رہے ہو مجھے آزما کے تم
ہم کو بنایا آئنہ دیدار کے لئے
اب مسکرا رہے ہو یہ صورت مٹا کے تم
رسوائیوں کا خوف تھا رسوائیاں ملیں
اب کیا کرو گے راز محبت چھپا کے تم
یہ چاند آسماں سے زمیں پر اتر پڑے
اک بار دیکھ لو جو اسے مسکرا کے تم
ذیشانؔ تم نے دل کو صنم خانہ کر لیا
اب کیا کرو گے سوئے حرم سر جھکا کے تم
ہے بقا عشق کی راہوں میں فنا ہو جانا (غزل)
ہے بقا عشق کی راہوں میں فنا ہو جانا
خود میں رہنا نہ کبھی خود سے جدا ہو جانا
اپنے ہونے کا ہے احساس ترے ہونے سے
غیر ممکن ہے مرا تجھ سے جدا ہو جانا
میں اسی لمحہ سمجھ لیتا ہوں خود کو کافر
جس میں ہو تیرے خیالوں سے جدا ہو جانا
اٹھ کے جانا ترا پہلو سے مرے لگتا ہے
جسم کی قید سے سانسوں کا رہا ہو جانا
ہم کو لگتا ہے کہ سو سجدوں سے بہتر ہے یہی
ایک سجدے کا ترے در پہ ادا ہو جانا
جا کے اس شوخ کو کوئی یہ بتا دے ذیشانؔ
اچھا لگتا ہے ہمیں اس کا خفا ہو جانا