پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذیشان لاشاری کی غزلیں — Zeeshan Lashari Ghazals

ذیشان لاشاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کاش ایسا ہو کہ وہ ہم کو منانے آئے (غزل)

کاش ایسا ہو کہ وہ ہم کو منانے آئے

اب بھی الفت ہے اسے ہم سے بتانے آئے

جو سناتا تھا سبھی وصل کے قصے ہم کو

اب وہ اک ہجر کا قصہ بھی سنانے آئے

بھر گئے زخم مرے دل کے پرانے سارے

اس سے کہہ دو کہ نئے زخم لگانے آئے

ہو گئے سرد جو یہ ہجر کے مارے جذبے

ایسے جذبات کو پھر آگ لگانے آئے

ہم بھی مانیں گے کہ وعدوں کا بڑا سچا ہے

ہم سے اک وعدہ کیا تھا وہ نبھانے آئے

ساتھ بیٹھے ہیں یہ اب ہاتھ میں ساغر تھامے

شیخ صاحب تھے نشہ ہم سے چھڑانے آئے

تیری یادوں میں تھا کھویا کہ مری آنکھ لگی

مجھ کو پھر رات گئے خواب سہانے آئے

آج اک سانپ سر راہ گزرتے دیکھا

شانؔ کچھ دوست مجھے یاد پرانے آئے

عرصہ دراز جس سے مرا دل لگا رہا (غزل)

عرصہ دراز جس سے مرا دل لگا رہا

وہ بے وفا سا شخص تھا وہ بے وفا رہا

نیکی وہ کونسی تھی کہ جس کی جزا ملی

تصویر تیری دیکھ کے میں سوچتا رہا

شاید بدل گیا ہو وہ اب کی خبر نہیں

جب تک ہمارے ساتھ تھا اچھا بھلا رہا

مدت کے بعد آج وہ پھر یاد آئی ہے

مخلص تھی یا نہیں تھی مگر دل لگا رہا

تجھ سے جدا ہوئے تو ادھورے سے ہم رہے

خوشیاں تو ہر طرف تھیں مگر دل دکھا رہا

یوں تو کسی پہ راز محبت عیاں نہیں

پر نیند میں میں نام ترا بولتا رہا

واعظ سے یوں خدا نے کی آغاز گفتگو

سنتے ہیں تو جہاں میں بڑا پارسا رہا

بیٹھے رہے وہ شانؔ رقیبوں کی بزم میں

واں پر چراغ اور یہاں دل جلا رہا

مزید غزلیں از ذیشان لاشاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں