ذیشان الٰہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رات کی خاموشی کا ماتھا ٹھنکا تھا (غزل)
رات کی خاموشی کا ماتھا ٹھنکا تھا
جانے کس کے ہاتھ کا کنگن کھنکا تھا
جھیل نے اپنے سینے پر یوں ٹانک لیا
جیسے میں آوارہ چاند گگن کا تھا
اس کا لان بہاروں سے آباد رہا
سوکھ گیا جو پیڑ مرے آنگن کا تھا
تیرے قرب کی خوش بو سے مغلوب ہوا
دل میں جو آسیب اکیلے پن کا تھا
دل سے در و دیوار کی خواہش کیوں نہ گئی
صحرا کا ماحول تو میرے من کا تھا
رام اسے کر لیتا سچا عشق مرا
لیکن وہ ذیشانؔ پجاری دھن کا تھا
سر اٹھایا مذہبی دیوار پر پٹکا ہوا (غزل)
سر اٹھایا مذہبی دیوار پر پٹکا ہوا
راہ پر آنے لگا دل راہ سے بھٹکا ہوا
رس کشی کی دعوتیں دیتے رہے تازہ گلاب
جھاڑیوں میں تھا مگر تتلی کا پر اٹکا ہوا
تذکرہ ہونے لگا جب آستیں کے سانپ کا
پاس ہی احساس مجھ کو سرسراہٹ کا ہوا
تشنۂ دیدار میں ہی تو نہیں ہوں ان دنوں
اس کے گھر کے آئنے کا بھی ہے منہ لٹکا ہوا
اجنبی ماحول میں کھو جانے کا ڈر ہے تو کیا
تھام لوں دامن ترا میں بارہا جھٹکا ہوا