پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زیبا خان حنا کی غزلیں — Zeba Khan Hina Ghazals

زیبا خان حنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتنے بدل گئے ہیں یہ موسم بہار کے (غزل)

کتنے بدل گئے ہیں یہ موسم بہار کے

دونوں جہان تیری محبت میں ہار کے

غم کو فریب دے کے یہاں تک تھے آ گئے

اب جا رہے ہیں درد کا چولا اتار کے

چہرے کا رنگ زرد ہے جوڑے کا رنگ سرخ

سسرال جا رہی ہوں سہارے کہار کے

پیچھے گزر گئی ہے ستاروں کی روشنی

آگے جو بچھ رہے ہیں وہ گل ہیں چنار کے

ہونٹوں پہ زخم دیکھ کے پچھتا رہا ہے کیوں

تحفے میں خار تو نے رکھے ہیں سنوار کے

تو نے دیکھا ہے کبھی عشق کا مارا کوئی (غزل)

تو نے دیکھا ہے کبھی عشق کا مارا کوئی

زیست کرنے کے لئے زیست سے ہارا کوئی

ایسے کرتب بھی ہمیں عشق نے دکھلائے ہیں

چھت سے لٹکا تھا کوئی اور اتارا کوئی

جس طرح تیر نشانے پہ لگا ہے آ کر

صاف ظاہر ہے مقابل میں ہمارا کوئی

ایک کمرے میں فقط میں ہوں جنوں ہے سر ہے

کاش دیوار کرے مجھ کو اشارہ کوئی

سانس تھم جائے تو پھر قبر میں دھر آئیں گے

یعنی جسموں پہ بھی رکھتا ہے اجارہ کوئی

عشق کیا چیز ہے الفت کی حقیقت کیا ہے (نظم)

عشق کیا چیز ہے الفت کی حقیقت کیا ہے

تیرے ہم راہ گزارا ہوا اک سال فقط

جو ترے نام سے منسوب کیا تھا میں نے

آج اس سال کی ٹھہری ہوئی یہ آخری شام

اپنے بیتے ہوئے لمحوں کی کسک لے آئی

میری آنکھوں میں یہ نادیدہ چمک لے آئی

وہ مرے ارض تمنا کی دل آویز صدا

تو جسے سن کے مرے پاس چلا آیا تھا

دل بھی پہلو میں مری جان اٹھا لایا تھا

تو مری زیست کا حاصل تو مسیحائے وفا

تو محبت کا امیں عشق کا شائستہ گلاب

تو نے الفت کے کئی باب سکھائے جاناں

میری آنکھوں میں حسیں خواب سجائے جاناں

میں ترے ساتھ بتائے ہوئے لمحات کے رنگ

اپنی آنکھوں میں سجائے ہوئے بیٹھی ہوں ابھی

چاندنی رات یہ بیلے کی مہکتی خوشبو

اپنے آنچل میں بسائے ہوئے بیٹھی ہوں ابھی

تیری قربت کی حسیں رات ملی ہے مجھ کو

اتنے برسوں میں یہ سوغات ملی ہے مجھ کو

رات ڈھل جائے نہ ہر روز کی صورت آ جا

آج ممکن نہیں انکار کی صورت آ جا

مری آنکھوں میں مرے خواب مقفل کر دے

آج کی رات مرا عشق مکمل کر دے

مزید غزلیں از زیبا خان حنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں