زیبا جونپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کی جو قدر و قیمت ہے (غزل)
زندگی کی جو قدر و قیمت ہے
سب فقط موت کی بدولت ہے
بھائی چارہ نہ دوستی نہ خلوص
سب کی تہہ میں کوئی ضرورت ہے
میں یقیناً تری بدولت ہوں
اور سب کچھ مری بدولت ہے
دہر ہے مدرسہ معلم وقت
اور ہستی کتاب حکمت ہے
کتنے اچھے ہیں لوگ کھل جائے
اک برے شخص کی ضرورت ہے
تم خدا کی تلاش میں گم ہو
مجھ کو انسان کی ضرورت ہے
کچھ تو موقعہ پرست ہیں ہم بھی
اور کچھ وقت کی ضرورت ہے
میرے اندر جو شخص ہے زیباؔ
اس میں مجھ میں بڑی عداوت ہے
ایک رخ سو نقاب ہے دنیا (غزل)
ایک رخ سو نقاب ہے دنیا
اور پھر بے حجاب ہے دنیا
خوب صورت ہنوز بے خوشبو
کاغذوں کی گلاب ہے دنیا
کوئی تعبیر کیا کرے اس کی
ایک گونگے کا خواب ہے دنیا
لفظ و معنی کی تازگی مت پوچھ
گو پرانی کتاب ہے دنیا
ہم بھی ایسے کہاں کے اچھے ہیں
کیا ہوا گر خراب ہے دنیا
سربسر عیش بھی اذیت بھی
خلد دوزخ مآب ہے دنیا
آؤ زیباؔ یہ تجزیہ تو کریں
ہم ہیں خود یا خراب ہے دنیا