پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذکی کاکوروی کی غزلیں — Zaki Kakorvi Ghazals

ذکی کاکوروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ساغر و جام کو چھلکاؤ کہ کچھ رات کٹے (غزل)

ساغر و جام کو چھلکاؤ کہ کچھ رات کٹے

جام کو جام سے ٹکراؤ کہ کچھ رات کٹے

کھائے جاتی ہے یہ تنہائی یہ تاریکئ شب

دو گھڑی کے لئے آ جاؤ کہ کچھ رات کٹے

چپ تمہاری مجھے دیوانہ بنا دیتی ہے

آج للہ نہ شرماؤ کہ کچھ رات کٹے

ہاں یہ وعدہ رہا اب پھر نہیں روکیں گے کبھی

آج کچھ دیر ٹھہر جاؤ کہ کچھ رات کٹے

ساز و نغمہ ہی سہی ہاں مے و مینا ہی سہی

ساقیا جام ہی بھر لاؤ کہ کچھ رات کٹے

اے ذکیؔ ہجر کی راتیں نہیں کاٹے کٹتیں

کوئی اچھی سی غزل گاؤ کہ کچھ رات کٹے

آج پھر ان سے ملاقات پہ رونا آیا (غزل)

آج پھر ان سے ملاقات پہ رونا آیا

بھولی بسری ہوئی ہر بات پہ رونا آیا

غیر کے لطف و عنایات پہ رونا آیا

اور اپنوں کی شکایات پہ رونا آیا

عقل نے ترک تعلق کو غنیمت جانا

دل کو بدلے ہوئے حالات پہ رونا آیا

اہل دل نے کئے تعمیر حقیقت کے ستوں

اہل دنیا کو روایات پہ رونا آیا

ہم نہ سمجھے تھے کہ رسوائی الفت تو ہے

اے جنوں تیری خرافات پہ رونا آیا

وہ بھی دن تھے کہ بہت ناز تھا اپنے اوپر

آج خود اپنی ہی اوقات پہ رونا آیا

منع کرتے مگر اس طرح سے لازم بھی نہ تھا

آپ کے تلخ جوابات پہ رونا آیا

چھوڑیئے بھی مری قسمت میں لکھا تھا یہ بھی

آپ کو کیوں مرے حالات پہ رونا آیا

مزید غزلیں از ذکی کاکوروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں