پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذکی ہاشمی کی غزلیں — Zaki Hashmi Ghazals

ذکی ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اہل دنیا کو اگر مجھ سے شکایت ہے تو ہے (غزل)

اہل دنیا کو اگر مجھ سے شکایت ہے تو ہے

حق پرستی اس زمانے میں بغاوت ہے تو ہے

مت برا کہنا اسے اے حسرت دیدار یار

دیر سے آنہ پرانی اس کی عادت ہے تو ہے

گاؤں میں بھائی سے بھائی بھی کہاں محفوظ تھا

کیا ہوا پردیس میں ہر سمت دہشت ہے تو ہے

ماں کے آنچل سے حسیں ہرگز نہیں اے آسماں

تو زمانے کی نظر میں خوب صورت ہے تو ہے

کر رہا ہے باہمی ملت کی باتیں پھر ذکیؔ

اب زمانے کی نظر میں یہ حماقت ہے تو ہے

تصنع کی جھلک شامل ہے جس کی پارسائی میں (غزل)

تصنع کی جھلک شامل ہے جس کی پارسائی میں

پریشاں حال وہ رہتا ہے اپنی خود نمائی میں

کرشمہ دیکھیے تہذیب نو کی رنگ رلیوں کا

کسی بچے کا دل لگتا نہیں ہے اب پڑھائی میں

دہل جاتا تھا دشمن کا کلیجہ دیکھ کر جس کو

وہ ملت اب نظر آتی کہاں ہے بھائی بھائی میں

مری غزلوں کو اکثر وہ مزہ لے لے کے پڑھتا ہے

غزل کہتا ہوں میں جس بے وفا کی بے وفائی میں

سنا ہے اے ذکیؔ تم بھی مہارت خوب رکھتے ہو

زباں کی سادگی میں اور لہجے کی صفائی میں

مزید غزلیں از ذکی ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں