پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذکا میر اولاد محمد خان کی غزلیں — Zaka Meer Aulad Mohammad Khan Ghazals

ذکا میر اولاد محمد خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جنوں کے ہات اب میں کیا کہوں دل سخت حیراں ہے (غزل)

جنوں کے ہات اب میں کیا کہوں دل سخت حیراں ہے

گریباں کر چکا ہوں نذر آگے اب یہ داماں ہے

تجھے واجب ہے جانا عرس میں اپنے شہیدوں کے

سنا ہوں میں کہ ان کا آج صندل کل چراغاں ہے

رہا گر آستاں پر آ کے میں فرط عقیدت سے

تکلف بر طرف سرکار کا کیا اس میں نقصاں ہے

لگے کیوں کر نہ دل کنج قفس میں عندلیبوں کا

جہاں میں آج کل آباد گر کچھ ہے تو زنداں ہے

نہیں لازم ہے دینا ہاتھ سے شیوہ ترحم کا

ہوئی واقع ذکاؔ سے کچھ اگر تقصیر انساں ہے

دو پتھر جس کے لگتے پھوٹ جا سر خوں نکل آوے (غزل)

دو پتھر جس کے لگتے پھوٹ جا سر خوں نکل آوے

نہاں رکھا ہے میرے حق میں سنگ آستاں تو نے

خدا کے واسطے مت چوکنا دل کی نشانی کو

بہت مدت کے پیچھے ہاتھ پکڑے ہے کماں تو نے

ذکاؔ فرماں بری کے امر میں بے عذر بندہ ہے

مکرر اس سخن کا کر لیا ہے امتحاں تو نے