پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زید الف صدیقی کی غزلیں — Zaid Alif Siddique Ghazals

زید الف صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہتا ہے اس کو پیار کا مطلب نہیں پتہ (غزل)

کہتا ہے اس کو پیار کا مطلب نہیں پتہ

اس دل کو بے قرار کا مطلب نہیں پتہ

کیوں ڈھونڈھتے ہو مجھ کو بہاروں کے آس پاس

کیا تم کو یار خار کا مطلب نہیں پتہ

صیاد کر رہا تھا پرندوں کو کل رہا

شاید اسے شکار کا مطلب نہیں پتہ

سورج سے جنگ جیتنے نکلا ہے نامراد

جاہل کو ریگ زار کا مطلب نہیں پتہ

ہر بار کہہ رہی ہو طبیعت خراب ہے

کیا مجھ کو بار بار کا مطلب نہیں پتہ

اہل ادب سے دوستی اچھی نہیں ہے زیدؔ

ان کو تو روزگار کا مطلب نہیں پتہ

ستارے توڑ ہی لانے کو چل رہا ہوں میں (غزل)

ستارے توڑ ہی لانے کو چل رہا ہوں میں

یوں ہے کہ آپ کے سائے میں ڈھل رہا ہوں میں

طلوع مہر درخشاں ہو زندگی میں کبھی

اسی خیال میں گھر سے نکل رہا ہوں میں

وہ ایک بات جو مانی نہیں ہے والد کی

جنوں میں شام سے پہلے ہی ڈھل رہا ہوں میں

صدف کے ساتھ جو دیکھا تو ابر نے یہ کہا

تمہارے شہر کی جانب ہی چل رہا ہوں میں

کسی کی سمت سے بھیجی گئی ہیں تصویریں

بڑے سکوت سے تنہا مچل رہا ہوں میں

وہ ایک شخص جو میرا رقیب لگتا ہے

وہ آ گیا ہے سو تیور بدل رہا ہوں میں

مزید غزلیں از زید الف صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں