زاہد فارانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ستارے چپ ہیں کہ نغمہ سرا سمندر ہے (غزل)
ستارے چپ ہیں کہ نغمہ سرا سمندر ہے
شب خموش کے دل کی صدا سمندر ہے
سکوت لب کو صداؤں کا پیش رو سمجھو
کہ رود بار کے آگے کھلا سمندر ہے
وہ دیکھتا ہے مرے اضطراب کو ہنس کر
میں تیز رو ہوں وہ ٹھہرا ہوا سمندر ہے
مہہ و نجوم دکھاتے ہیں آئنہ اس کو
فلک کے سامنے چہرہ نما سمندر ہے
مٹا چلے ہیں مسافت کا نقش اہل طلب
ہوا سروں میں ہے اور زیر پا سمندر ہے
نظر میں صورت ساحل ابھی نہیں آئی
مرے سفر کا ہر اک مرحلہ سمندر ہے
گاڑی کی کھڑکی سے دیکھا شب کو اس کا شہر (غزل)
گاڑی کی کھڑکی سے دیکھا شب کو اس کا شہر
چاروں اور تھا کالا جنگل بیچ میں اجلا شہر
یاد نہ آتا کیوں گاؤں میں ہم کو بھی لاہور
لوگ سمندر پار نہ پائیں اس سے اچھا شہر
سچ ہے ہر اک ملک خدا کا دیس ہے ہر انساں کا
لیکن اپنا شہر ہے یارو آخر اپنا شہر
خواب میں سن کر جاگ اٹھتا ہوں ان کی چیخ پکار
اف وہ لڑتے مرتے باسی اف وہ جلتا شہر
پوشیدہ ہیں دل میں اس کی یادوں کے طوفان
دفن ہیں ایک کھنڈر کی تہہ میں کتنے زندہ شہر
مجھ پر اک گھنگھور اداسی تجھ پر رنگ اور نور
میرا چہرہ بن ہے پیار سے تیرا چہرہ شہر
کل کی بات ہے اور تھکن سے اب تک چور ہوں میں
اس لڑکی کا جسم تھا زاہدؔ اونچا نیچا شہر