پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زاہد فخری کی غزلیں — Zahid Fakhri Ghazals

زاہد فخری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت کے سفر میں کوئی بھی رستا نہیں دیتا (غزل)

محبت کے سفر میں کوئی بھی رستا نہیں دیتا

زمیں واقف نہیں بنتی فلک سایا نہیں دیتا

خوشی اور دکھ کے موسم سب کے اپنے اپنے ہوتے ہیں

کسی کو اپنے حصے کا کوئی لمحہ نہیں دیتا

نہ جانے کون ہوتے ہیں جو بازو تھام لیتے ہیں

مصیبت میں سہارا کوئی بھی اپنا نہیں دیتا

اداسی جس کے دل میں ہو اسی کی نیند اڑتی ہے

کسی کو اپنی آنکھوں سے کوئی سپنا نہیں دیتا

اٹھانا خود ہی پڑتا ہے تھکا ٹوٹا بدن فخریؔ

کہ جب تک سانس چلتی ہے کوئی کندھا نہیں دیتا

میں کہ افسردہ مکانوں میں رہوں (غزل)

میں کہ افسردہ مکانوں میں رہوں

آج بھی گزرے زمانوں میں رہوں

رات ہے سر پر کوئی سورج نہیں

کس لیے پھر سائبانوں میں رہوں

کیا وسیلہ ہو مرے اظہار کا

لفظ ہوں گونگی زبانوں میں رہوں

کون دیکھے گا یہاں طاقت مری

تیر ہوں ٹوٹی کمانوں میں رہوں

بھیڑیے ہیں چار سو بپھرے ہوئے

نیچے اتروں یا مچانوں میں رہوں

میرے ہونے کا ہو کچھ تو فائدہ

ہوں ہوا تو بادبانوں میں رہوں

رابطہ رکھوں زمینوں سے مگر

آسمانوں کی اڑانوں میں رہوں

یہ بھی کیا فخریؔ کہ پرزوں کی طرح

رات دن میں کارخانوں میں رہوں

مزید غزلیں از زاہد فخری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں