پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظفر کلیم کی غزلیں — Zafar Kaleem Ghazals

ظفر کلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھڑکی سے مہتاب نہ دیکھو (غزل)

کھڑکی سے مہتاب نہ دیکھو

ایسے بھی تم خواب نہ دیکھو

ڈوب رہے سورج میں یارو

دن کی آب و تاب نہ دیکھو

ہرجائی ہیں لوگ یہاں کے

اس بستی کے خواب نہ دیکھو

اندر سے ہم ٹوٹ رہے ہیں

باہر کے اسباب نہ دیکھو

فن دیکھو بس ملاحوں کا

دریا کے سیلاب نہ دیکھو

سچے سپنے دو آنکھوں کو

جھوٹے ہوں وہ خواب نہ دیکھو

دیوانہ ہوں دیوانہ میں

تم میرے آداب نہ دیکھو

غم میں بھی ہم خوش رہتے ہیں

غم سہنے کی تاب نہ دیکھو

دیکھو اپنے عیب ظفرؔ جی

کیسے ہیں احباب نہ دیکھو

ان دنوں میں غربتوں کی شام کے منظر میں ہوں (غزل)

ان دنوں میں غربتوں کی شام کے منظر میں ہوں

میری چھت ٹوٹی پڑی ہے دوسروں کے گھر میں ہوں

آئے گا اک دن مرے اڑنے کا موسم آئے گا

بس اسی امید پر میں اپنے بال و پر میں ہوں

جسم کی رعنائیوں میں ڈھونڈتے ہو تم مجھے

اور میں کب سے تمہاری روح کے پیکر میں ہوں

دیکھتے ہیں سب نظر آتی ہوئیں اونچائیاں

کون دیکھے گا مجھے بنیاد کے پتھر میں ہوں

آپ کیا روکیں گے اظہار صداقت سے مجھے

آپ کو دنیا کا ڈر ہے میں خدا کے ڈر میں ہوں

اے زمانے کل مری ٹھوکر سے بچنا ہے تجھے

اتفاقاً آج ویسے میں تری ٹھوکر میں ہوں

موت بن جاؤں گا تیری اے ستم گر دیکھنا

مجھ پہ جو خنجر اٹھے گا میں اسی خنجر میں ہوں

نفرتوں کی اک دہکتی آگ ہے چاروں طرف

میں فساد شہر کے جلتے ہوئے منظر میں ہوں

سوچتا ہوں یہ بھی کیسی بد نصیبی ہے ظفرؔ

میں بہادر ہو کے بھی ہارے ہوئے لشکر میں ہوں

مزید غزلیں از ظفر کلیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں