ظفر اقبال ظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صحرا کا سفر تھا تو شجر کیوں نہیں آیا (غزل)
صحرا کا سفر تھا تو شجر کیوں نہیں آیا
مانگی تھیں دعائیں تو اثر کیوں نہیں آیا
دیکھا تھا جسے ہم نے کبھی شوق طلب میں
مہتاب سا وہ چہرہ نظر کیوں نہیں آیا
ہم لوگ تو مرتے رہے قسطوں میں ہمیشہ
پھر بھی ہمیں جینے کا ہنر کیوں نہیں آیا
لگتا ہے مقدر میں مرے سایہ نہیں ہے
مدت سے سفر میں ہوں تو گھر کیوں نہیں آیا
جس کے لیے بیٹھے تھے بچھائے ہوئے آنکھیں
محفل میں ابھی تک وہ بشر کیوں نہیں آیا
موسم تو ہر اک شاخ کے کھلنے کا ظفرؔ تھا
پھر ان پہ کوئی برگ و ثمر کیوں نہیں آیا
جس روز سے اپنا مجھے ادراک ہوا ہے (غزل)
جس روز سے اپنا مجھے ادراک ہوا ہے
ہر لمحہ مری زیست کا سفاک ہوا ہے
گھر سے تو نکل آئے ہو سوچا نہیں کچھ بھی
اب سوچ رہے ہو جو بدن چاک ہوا ہے
تہذیب ہی باقی ہے نہ اب شرم و حیا کچھ
کس درجہ اب انسان یہ بے باک ہوا ہے
گزرا ہے کوئی سانحہ بستی میں ہماری
ہر شخص کا چہرہ یہاں غم ناک ہوا ہے
افتاد زمانے کی پڑی ایسی ہے مجھ پر
تھا جو بھی اثاثہ خس و خاشاک ہوا ہے
آندھی تھی وہ نفرت کی کہ انسان تھا اندھا
ہیں شعلے اٹھے ایسے کہ سب خاک ہوا ہے
اسلاف کے اقدار کو اپنایا ہے جس نے
پستی میں رہا پھر بھی وہ افلاک ہوا ہے
رکھا ہے قدم جس نے سیاست کے سفر پر
وہ شخص ظفرؔ صاحب املاک ہوا ہے