ظفر امام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک ندی میں سیکڑوں دریا کی طغیانی ملی (غزل)
اک ندی میں سیکڑوں دریا کی طغیانی ملی
ڈوبنے والے کو مر جانے کی آسانی ملی
حاشیہ بردار سے پوچھا سمندر نے میاں
آج تک اک موج بھی تم کو نہ دیوانی ملی
سرپھری پاگل ہوا کو روکنا دشوار تھا
ایک ہی دن کے لیے تھی اس کو سلطانی ملی
تشنہ لب تالاب نے بادل کو پھر دھوکا دیا
پھر وہی صحرا وہی صحرا کی ویرانی ملی
ہر سفر سے کشتیوں کا لوٹنا ممکن نہیں
کیا پتہ کب لہر کوئی دشمن جانی ملی
آگے پیچھے سب کو مقتل سے گزرنا ہے ظفرؔ
کیوں سمجھتے ہیں کہ ہم کو ہی پریشانی ملی
میں ہی دستک دینے والا میں ہی دستک سننے والا (غزل)
میں ہی دستک دینے والا میں ہی دستک سننے والا
اپنے گھر کی بربادی پر میں ہی سر کو دھننے والا
جیون کا سنگیت اچانک انتم سر کو چھو لیتا ہے
ہنستا ہی رہتا ہے پھر بھی میرے اندر مرنے والا
رشتے بوسیدہ دیواروں کے جیسے ڈھہ جائیں پل میں
لیکن میں بھی دیواروں کے ملبے سے سر چننے والا
لفظوں کے پانو کو چھو کر آشیروادی لہجے میں
میری غزلوں میں بھی اک جذبہ ہے دل کو چھونے والا
تھوڑی سی مہلت ملتی تو پاپوں سے میں ہی بھر لیتا
جیون کا اک صفا بھی تھا کیسے سادہ رہنے والا
میں اپنے دکھ کے ساگر میں کوئی پتھر پھینکوں کیسے
برسوں تک نا ممکن ہے وہ لوٹے لہریں گننے والا